نادال نے ومبلڈن ٹائٹل پھر حاصل کر لیا
5 جولائی 2010رافائل نادال اور ٹوماس بیردِش کے درمیان کھیل دو گھنٹے 13منٹ جاری رہا، جسے نادال نے 6-3 7-5 6-4 سے جیتا۔
گزشتہ برس نادال ایک چوٹ کے باعث اپنے ٹائٹل کا دفاع نہیں کر پائے تھے۔ تاہم اس کے بعد وہ ومبلڈن میں مسلسل 14 میچ جیت چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے آل انگلینڈ کلب میں ایک، فرنچ اوپن میں پانچ اور آسٹریلین اوپن میں بھی ایک کامیابی حاصل کی۔
دو سال قبل ومبلڈن کے فائنل میں نادال کا مقابلہ فیڈرر سے تھا۔
بیردِش کے لئے گرانڈ سلیم کے فائنل میں کھیلنے کا یہ پہلا موقع تھا۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں ورلڈ نمبر ٹو فیڈرر کو شکست دی، جو چھ مرتبہ یہ چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں۔ سیمی فائنل میں بیردِش کا مقابلہ نواک جوکووچ سے تھا۔
سیمی فائنل میں نادال کا سامنا اینڈی مرے سے تھا۔ بیردِش کے خلاف نادال دس میچ کھیل چکے ہیں، جن میں سے سات انہوں نے جیتے ہیں۔
میچ کے اختتام پر بیردِش نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ دو ہفتے ان کے لئے انتہائی زبردست رہے ہیں، لیکن نادال واقعی مضبوط حریف ہے۔
ہفتہ کو ومبلڈن ٹائٹل کے لئے خواتین کا فائنل ہوا تھا، جس میں ورلڈ نمبر وَن کھلاڑی سیرینا ویلیمز کو فتح ملی۔ ومبلڈن میں یہ ان کی چوتھی جبکہ گرانڈسلیم میں تیرھویں جیت رہی۔ انہوں نے روسی کھلاڑی ویرا زونریوا کو مات دی۔
بیردِش کی طرح زونریوا کے لئے بھی کسی گرانڈ سلیم کا یہ پہلا فائنل تھا۔ انہوں نے سیرینا کے خلاف چھ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے ایک میں ہی کامیابی حاصل کر سکیں۔ یہ فتح انہیں چار سال قبل حاصل ہوئی تھی۔ پچیس سالہ زونریوا نچلے درجے سے ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دوسری کھلاڑی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عدنان اسحاق