ناممکن کو ممکن بنانے پر فزکس کا نوبل انعام
9 اکتوبر 2012ان دونوں سائنسدانوں کو اس اعلیٰ ترین اعزاز کا حق دار بڑی مشکل سے گرفت میں آنے والے کوانٹم ذرات کو تباہ کیے بغیر ماپنے کے نئے طریقے دریافت کرنے پر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے تک محققین کا خیال تھا کہ ایسا کرنا ناممکن ہے۔ رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق ان دونوں کے دریافت کردہ طریقوں کی مدد سے ان ذرات کو جانچا جا سکتا ہے، کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور گنا جا سکتا ہے۔
اکیڈمی نے کہا ہے کہ ان سائنسدانوں کی دریافت ایسے تیز ترین سپر کمپیوٹرز کی ایک نئی قسم کی تیاری کی راہ ہموار کر دے گی، جن کی بنیاد کوانٹم طبیعات پر ہو گی۔
ایک بیان میں اکیڈمی کی جانب سے کہا گیا ہے: ’’نوبل انعام یافتگان نے انفرادی کوانٹم ذرات کو تباہ کیے بغیر اُن کے براہِ راست مشاہدے کے کامیاب تجربات کیے ہیں اور یوں کوانٹم طبیعات کے ساتھ تجربات کے ایک نئے دور کی جانب رہنمائی کی ہے۔‘‘
اس بیان میں آگے چل کر کہا گیا ہے: ’’ہو سکتا ہے کہ کوانٹم کمپیوٹر اس صدی کے دوران ہماری روزمرہ زندگیوں کو ویسے ہی تبدیل کر کے رکھ دیں، جیسے روایتی کمپیوٹروں نے گزشتہ صدی میں کیا تھا۔‘‘
فرانسیسی سائنسدان Serge Haroche نے نوبل انعام پانے کی خبر پر بے انتہا مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’اس کا تصور بہت ہی مشکل ہے۔ میں گلی میں تھا اور اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر آ رہا تھا۔ میں خوش ہوا، جب مجھے کہیں بیٹھنے کا موقع ملا۔ یہ زبردست خبر ہے۔ میں نے سب سے پہلے اپنے بچوں کو یہ خبر پہنچائی اور پھر اپنے قریبی ترین ساتھیوں کو۔ ایک ساتھی لیکچر دینے میں مصروف تھا، اُسے میں نے ایک ٹیکسٹ میسیج بھیجا ہے۔ میں امیدوار ضرور تھا لیکن مجھے نہیں لگتا تھا کہ انعام مجھے ملے گا۔ اور بہت سے لوگ ہیں، جو اس انعام کے مستحق ہیں۔ یہ خبر ایک زبردست سرپرائز تھی۔‘‘
نوبل انعامات کے اعلانات کا سلسلہ کل پیر سے شروع ہوا ہے۔ سب سے پہلے طب کے شعبے میں برطانیہ اور جاپان کے دو سائنسدانوں کو جینیاتی خلیوں پر نئے امکانات کے در وا کرنے والی اُن کی تحقیق پر نوبل انعام سے نوازنے کا اعلان کیا گیا۔ میڈیسن یعنی طب کے بعد فزکس یا طبیعات وہ دوسرا شعبہ ہے، جس کے لیے نوبل انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
نوبل انعام سویڈن سے تعلق رکھنے والے صنعتکار اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبل کی وصیت کے مطابق دیے جاتے ہیں اور سب سے پہلی مرتبہ یہ انعامات نوبل کی وفات کے پانچ سال بعد 1901ء میں دیے گئے تھے۔
(aa/mm(Reuters