1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناٹنگھم ٹیسٹ ، پاکستان کے لئے 435 کا مشکل ہدف

1 اگست 2010

435 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔ دوسری اننگز میں پاکستانی بلے باز اوپنر سلمان بٹ 8،اظہر علی 0 جبکہ عمر امین 1 رن بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے۔

https://p.dw.com/p/OZ5c
کپتان سلمان بٹ اور عمر گلتصویر: ap

پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں پندرہ رنز بنائے ہیں جبکہ اس کے تین کھلاڑی آوٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لئے اب مزید 420 رنز درکار ہیں۔ اوپنرعمران فرحت چھ رنز جبکہ نائٹ واچ مین محمد عامر صفر پر کھیل رہے ہیں۔

انگلش بولرز نے ابھی تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سٹیورٹ براڈ نے دو جبکہ جیمز اینڈرسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ہے۔ اس سے قبل میٹ پرائیر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 262 رنز بنائےاور پاکستان پر مجموعی طور پر 434 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پرائیر نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 102رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلش کپتان اینڈریو سٹراؤس نے 262 رنز کے سکور پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔

اس سے قبل عمر گل کی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں قدرے بہتر پوزیشن پر آگئی تھی۔ کھیل کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 354 کے مقابلے میں فالو آن کا خطرہ تھا۔

Pakistan Kricket Team in England
محمد آصف نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں تھیںتصویر: ap

عمر گل نے نوے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے لئے قیمتی 65 رنز حاصل کئے اور فالو آن کا خطرہ ٹال دیا۔ بلے بازوں کی ناکامی کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی گل کا کافی حد تک ساتھ نبھایا اور 25 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم 182 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 172 رنز کی سبقت مل گئی۔

پاکستان ٹیم فیلڈنگ کرنے میدان میں اتری تو محمد عامر نے ایک بار پھر پہلی ہی اوور کی چوتھی گیند پر اینڈریو سڑاؤس کو پویلین کا راستہ دکھا کر امید کی کرن پیدا کردی۔ ان کے ساتھ اٹیک کرنے والے محمد آصف نے بھی ساتھویں اوور کی پہلی گیند پر الیسٹر کوک کو اس وقت آوٹ کر دیا، جب انگلینڈ کا مجموعی سکور محض اٹھارہ تھا۔ دونوں کا کیچ وکٹ کیپر کامران اکمل نے لیا۔

انگلش کپتان سٹراؤس کا کیچ سلپ میں کھڑے عمر اکمل سے دو بار چھوٹتے چھوٹتے گرنے ہی والا تھا تو ان کے بھائی کامران اکمل نے جست لگا کر اسے پکڑ لیا۔ کھانے کے وقفے پر انگلش ٹیم اسی سکور تک محدود رہی۔ وقفے کے بعد کیون پیٹرسن اور جوناتھن ٹروٹ نے انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن میں استحکام لانے کی کوششں کی۔

Indien Mohammad Aamer
محمد عامرتصویر: AP/DW

ایک مرتبہ پھر آل راؤنڈر عمر گل کام آئے جنہوں نے یکے بعد دیگرے تین انگلش کھلاڑیوں، ٹروٹ، پیٹرسن اور پاؤل کولنگ ووڈ کو آؤٹ کیا۔ ٹروٹ بولڈ ہوئے، پیٹرسن وکٹ کیپر اکمل کو کیچ دے بیٹھے جبکہ کولنگ ووڈ کو گل نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

کامران اکمل نے کولنگ ووڈ کا ایک آسان کیچ چھوڑا۔ چائے کے وقفے تک انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنا رکھے تھے۔ وقفے کے بعد پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے اوئن مورگن بھی 17 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کے بھی بیشتر بلے باز دوسری اننگز میں بیٹنگ کے جوہر نہیں دکھا سکھے۔ ان کی جانب سے سر فہرست وکٹ کیپر میٹ پرائیر رہے جنہوں نے سینچری سکور کی۔

آٹھویں پوزیشن پر کھیلنے والے گراہم سوان اٹھائیس رنز بناکر دانش کنیریا کا شکار بنے۔ وکٹوں کی لائن میں پڑی گیند کو سوان نے آن سائڈ کی جانب کھیلنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے اور گیند ان کے پیڈز سے ٹکرائی، یوں وہ ایل بی ڈبلیو قرار دئے گئے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے تھوڑی دیر قبل انگلش کپتان سٹراؤس نے اننگز ختم کرنے کا اعلان اس وقت کیا جب پرائیر نے سنچری مکمل کی۔ اس طرح انگلینڈ کو دوسری اننگز میں پاکستان پر چار سو چونتیس رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید