1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناکامی کی وجہ ’’اتحاد کی کمی‘‘ہے: آفریدی

27 جنوری 2010

ٹوئنٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے کپتان شاہد خان آفریدی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف مسلسل ناکامیوں کی سب سے بڑی وجہ ’ٹیم میں اتحاد کی کمی ہے۔‘ آفریدی نے کہا کہ کھلاڑی قوم اور ٹیم کی بجائے اپنی ذات کے لئے کھیلتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Lhba
تصویر: AP

آسٹریلیا کے ہاتھوں تین میچوں پر مشتمل حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا نے پانچ میچوں پر مبنی ون ڈے سیریز کے پہلے تین میچ آسانی سے جیتے ہیں۔

ایڈیلیڈ ون ڈے ہارنے کے بعد پاکستان کے سٹار آل راوٴنڈر بوم بوم آفریدی نے کہا: ’’ٹیم کے کھلاڑی ایک یونٹ کی طرح نہیں کھیل رہے ہیں۔‘‘ آفریدی نے جیو ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں کہا: ’’موجودہ کپتان محمد یوسف ٹیم کو اکھٹا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔‘‘ ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنے کی وکالت کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ نئے چہروں کو شامل کرنے کا وقت آگیا ہے۔

’’جو بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرتا ہے، اُسے ڈراپ کرکے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا چاہیے۔ میں ہوں، یوسف، یونس یا پھر عمر گُل ہوں، جو پرفارم نہیں کرتا ہے، اسے آرام دے کر کسی نئے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔‘‘

محمد یوسف پر ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں منفی حکمت عملی اختیار کرنے کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے صاف طور پر یہ کہہ دیا ہے کہ آسٹریلیا سیریز کے بعد یوسف کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا۔ ایسا قوی امکان ہے کہ شاہد آفریدی ون ڈے فارمیٹ میں بھی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھی آفریدی کو کپتان بنائے جانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں