نزلہ زکام محسوس کر رہے ہیں؟ تو جرمن ٹوٹکے استعمال کر دیکھیے
سردیوں کا موسم ہو تو اکثر لوگ موسمی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ آج آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتاتے ہیں، جو جرمنی میں نزلے اور بخار کے جراثیموں سے بچنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں
پیروں کو سردی سے بچائیں
اکثر بیماری کی ابتدا، پیروں کے ٹھنڈے ہونے سے ہوتی ہے۔۔ اسی لیے جرمن لباس میں موزوں کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ طبعیت میں گراوٹ اور بخار میں پیر ٹھنڈے محسوس ہوں تو فورا اونی جرابیں پہن لیں۔
پسینہ بہائیں
جرمن افراد کی نظر میں زندگی کے اکثر مسائل کا حل، سوانا میں چھپا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بھاپ میں نہانے یا گرم کیبن میں نہانے سے قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے۔ گو کہ بخار میں سوانا باتھ سے اجتناب کیا جاتا ہے تاہم جرمن سوانا آرگنائزیشن کے مطابق نزلہ زکام میں سوانا فائدہ مند ہے کیونکہ یہ بلغم کی جھلی میں گردش کو بہتر بناتا ہے۔
خود کو گرم رکھیے
ڈاکڑوں کے مطابق پیٹ کی بیماریوں یا درد جیسے مسائل سے بچنے کے لیے ضروری ہےکہ جسم کو گرم رکھا جائے۔ اسی لیے سردیوں میں بستر پر لیٹتے وقت گرم پانی کی بوتل کو جسم سے لگا کر رکھیں۔ بعض افراد کے مطابق اس طرح کرنے سے خون کی گردش میں بہتری آتی ہے جو سوزش سے لے کر بدہضمی سے بھی بچاتی ہے۔
ادارک کے فوائد
ادرک کو اکثر آیورویدک اور چینی طریقہء علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔ متلی یا پیٹ کی خرابی میں ادرک کو زود اثر سمجھا جاتا ہے۔ جرمنی میں اکثر چائے کے ابلتے پانی میں ادرک کا ایک ٹکڑا ڈال دیا جاتا ہے۔ اس چائے کا استعمال گلے میں ہونے والی سوزش کو کم کرتے ہوئے سکون کا باعث بنتا ہے۔
شفا دیتی جڑی بوٹیوں کا استعمال
جرمنی میں صرف ادرک ہی نہیں دیگر جڑی بوٹیوں کو بھی گرم پانی میں کشید کرتے ہوئے نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار میں آرام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان میں ساج، پودینہ، سونف، بابونہ اور ہربل چائے شامل ہے۔ شفا دیتی یہ جڑی بوٹیاں بے شک ذائقہ مند نہیں لیکن ان کو پینے سے وقتی آرام ضرور ملتا ہے۔
گرم لیموں پانی
لیموں اور دیگر ترش پھلوں میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہے۔ گو کہ یہ بات ثابت نہیں ہوتی کہ ان کا استعمال نزلہ، زکام سے بچاتا ہے لیکن گرم پانی میں لیموں کے قطرے پینے سے گلے کو آرام ضرور ملتا ہے۔ جن کو لیموں کا پانی زیادہ کھٹا محسوس ہو تو اس میں ایک چمچ شہد ملا کر اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔