نواز شریف بمقابلہ چیف جسٹس، ’جنگ‘ کہاں تک جائے گی؟
23 اپریل 2018سیاسی مبصرین کے خیال میں شاید یہ پہلا موقع ہے کہ ایک حاضر سروس چیف جسٹس پر آمر ہونے اور بدترین آمریت نافذ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے خیال میں اس بیان سے ملک میں کشیدگی کی فضا مزید بڑھے گی۔ سیاست دانوں کے خدشات بھی اسی نوعیت کے ہیں۔ ماضی میں آمریت کے خلاف لڑنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اداروں کے درمیان کشیدگی جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہو گی۔
قائدِ حزبِ اختلا ف نے نواز شریف اور چیف جسٹس دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہر ہ کریں۔ اسلام آباد میں آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا،’’معذرت کے ساتھ عرض کروں گا کہ نواز شریف کو اس طرح کے بیانات نہیں دینے چاہیں۔ اور معذرت کے ساتھ یہ بھی کہوں گا کہ چیف جسٹس کو بھی اس طرح کے بیانات نہیں دینے چاہیں۔‘‘
واضح رہے کہ نون لیگ نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے کے بعد سے ملکی عدلیہ کو ہدفِ تنقید بنا رہی ہے۔ پہلے لیگی رہنماوں کی طرف سے یہ کہا گیا کہ عدالت نواز لیگ کے رہنماوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہیں۔ اس کے بعد چیف جسٹس کی طرف سے ہسپتالوں کے دوروں اور سول معاملات میں مبینہ مداخلت پر بھی چیف جسٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے غیر ضروری سکیورٹی مختلف افراد سے واپس لینے کا حکم دیا، جس کو مریم نواز کی طرف سے ہدفِ تنقید بنایا گیا۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں اور کئی سیاسی جماعتیں نواز شریف کی اس بات سے اتفاق کرتی ہیں۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سے وابستہ اسد بٹ کے خیال میں یہ بات شک و شبے سے بالاتر ہے کہ ملک بدترین سینسرشپ سے گزر رہا ہے۔ نواز شریف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’میں نے سیاسی طور پر کبھی بھی نواز شریف کی حمایت نہیں کی لیکن میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ملک میں سخت ترین سینسر شپ ہے۔ لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ سیاسی جماعتیں غیر جمہوری قوتوں کے آگے جھک چکی ہیں اور آپ نے اس کا ایک مظاہرہ سینیٹ کے انتخابات کے دوران بھی دیکھا۔ میڈیا کا بالکل گلہ دبا دیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ اگر ایک دو اخبار بھی کچھ ایسا لکھ دیں جو طاقتور حلقوں کو ناگوار گزرے تو ان کو بلا کر دھمکی دی جاتی ہے۔ ہمیں خود بھی کام کرنے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے۔ پہلے تو مارشل لاء ننگے طریقے سے ایک آمر لگاتا تھا لیکن آج جمہوریت بھی ہے، پارلیمنٹ بھی ہے، سول سوسائٹی بھی ہے لیکن اس کے باوجود ملک میں آمریت کی فضاء ہے۔‘‘
نواز شریف کے اس بیان کے حوالے سے ملک میں لوگوں کی آراء تقسیم ہیں۔ تحریک انصاف اور کئی دیگر جماعتیں نواز شریف کے خلاف احتساب اور عدالتی کارروائیوں کو بالکل صحیح قرار دیتی ہیں جب کہ نواز مخالف سیاسی تجزیہ کار بھی عدالتوں کے کام میں کوئی برائی نہیں دیکھتے۔ لیکن نون لیگ اور اس کے اتحادی اس احتساب کو امتیازی قرار دیتے ہیں۔
اس حوالے سے عدلیہ کا دفاع کرتے ہوئے تجزیہ نگار میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’اس وقت ملک میں آمریت نہیں تھی، جب انہوں نے ماڈل ٹاون میں درجنوں افراد کو ہلاک کروایا اور سینکڑوں کو زخمی کیا۔ جب عدالتیں خاموش تھیں تو سب ٹھیک تھا۔ آج اگر عدالت نے اس واقعے کی تفصیل مانگ لی ہے اور اس پر کارروائی کے حوالے سے جواب طلب کیا ہے تو عدالتیں خراب ہوگئیں ہیں اور چیف جسٹس نے آمریت قائم کر دی ہے۔ جب انہوں نے عدالتوں پر حملے کئے اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں تو عدالتیں اچھی تھیں۔ آج یہ حملہ نہیں کر سکتے اور انہیں احتساب کے عمل سے گزرنا پڑ رہا ہے تو عدالتیں خراب ہیں اور انہوں نے آمریت مسلط کر دی ہے۔ یہ سب کچھ عدالتوں کو بدنام کرنے کے لئے اور احتساب عدالت کے فیصلے کو پہلے ہی سے متنازعہ بنانے کے لئے کیا جا رہا ہے لیکن اس سے نواز شریف کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ سیدھی سے بات ہے کہ ایوین فیلڈ فلیٹ کی منی ٹریل دے دیں تو ان کی جان چھوٹ جائے گا۔‘‘
سیاسی مبصرین کے خیال میں آنے والے دنوں میں ملک مزید سیاسی انتشار کا شکار ہو سکتا ہے کیونکہ ایک طرف عدلیہ، فوج اور نواز شریف کے درمیان کشیدگی ہے اور دوسری طرف وفاق کے علامت سمجھے جانے والے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے انتخابات پر بھی اب کھل کو تنقید ہو رہی ہے، جس میں جماعتِ اسلامی کے رہنما سراج الحق کے بیان کے بعد مزید شدت آگئی ہے۔