1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نکولا سارکوزی، مقبولیت کی کم ترین سطح پر

28 مارچ 2010

اتوار کو فرانس میں شائع ہونے والے ایک عوامی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ صدر نکولا سارکوزی اس وقت اپنی مقبولیت کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MgNj
سارکوزی کی مقبولیت میں واضح کمی دیکھی گئی ہےتصویر: AP

اس عوامی جائزے میں ظاہر کیا گیا ہے کہ 2007ء میں صدر منتخب ہونے والے سارکوزی کے لئے ان کے سیاسی کیریئر کا یہ سب سے مشکل وقت ہے۔ Journal du Dimanche میں شائع ہونے والے آئی ایف او پی نامی اس عوامی جائزے میں اعداد وشمار سے ظاہر ہے کہ صدر سارکوزی کی مقبولیت میں گزشتہ چھ ماہ میں تقریبا چھ پوائنٹس کی کمی واقع ہو چکی ہے۔ جائزے کے مطابق صرف 30 فیصد افراد نے سارکوزی کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔

صرف اسی عوامی جائزے میں نہیں بلکہ گزشتہ چند ہفتوں میں شائع ہونے والے کئی ایسے جائزوں میں یہی بات سامنے آ رہی ہے کہ صدر سارکوزی اپنی مقبولیت کھوتے جا رہے ہیں۔ اس تازہ ترین سروے میں 1872 افراد سے ٹیلی فون کے ذریعے رائے معلوم کی گئی۔

چند روز قبل علاقائی انتخابات میں بھی سارکوزی کی جماعت کو شکست کے بعد پارٹی کی جانب سے ان پر ملک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: ندیم گِل