نیا برس یورپی امور پر جرمنی کے اثر و رسوخ کے امکانات کا سال
30 دسمبر 2019سن 2020 یورپی امور میں جرمنی کے کردار کے اعتبار سے ایک بڑا سال ہو گا۔ اس سال یورپی یونین کی ششماہی صدارت جولائی میں جرمنی کے پاس آنا ہے۔ مگر اس سے قبل ہی جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس اس عزم کے ساتھ سرگرم ہیں کہ ایک 'مضبوط اور مستحکم‘ یورپ وقت کی ضرورت ہے۔
’نارڈ سٹریم ٹو‘ پر امریکی پابندیاں، جرمنی اور یورپ ناراض
جرمنی کو غیر یورپی ہُنرمندوں کی تلاش
عالمی سطح پر یورپ کے کردار میں وسعت دینے کے لیے ماس یورپی سکیورٹی کونسل کی تجویز دے چکے ہیں، جہاں سکیورٹی اور خارجہ امور سے متعلق اہم موضوعات اور چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ اس کونسل میں بریگزٹ ہو جانے کے بعد بھی برطانیہ کو شامل رکھا جا سکتا ہے۔
قدامت پسند قانون ساز اور جرمن پارلیمان کی کمیٹی برائے یورپی امور کے سربراہ گُنٹھر کرِشباؤم اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے بعد بھی برطانیہ کو یورپی یونین کے قریب رکھا جانا چاہیے۔ جرمنی کی گرین پارٹی کی فرانسِسکا برانٹنرسمجھتی ہیں کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعلقات کا تعین نئے سال کا سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔
برطانیہ جنوری کی اکتیس تاریخ کو یورپی یونین سے نکل رہا ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ برطانیہ کے ساتھ یورپی روابط کے حوالے سے نئے ضوابط کی فوری ضرورت ہے، جن میں اہم ترین معاملہ تجارت کے شعبے کے مستقبل کا تعین ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی ڈیل کے حوالے سے برطانیہ کو یورپی معیارات کی پابندی پر مائل کرنا اور فریقین کے درمیان قریبی اور مناسب تجارتی تعلقات یورپ کے لیے انتہائی ضروری ہوں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سنگل مارکیٹ کا تحفظ جرمنی کی اہم ترین ذمہ داری ہو گا۔
برطانیہ اور یورپی یونین کو مستقبل کے روابط سے متعلق کسی ڈیل تک آئندہ برس کے اختتام تک پہنچنا ہے اور یہ ٹھیک وہ وقت ہے، جب جرمنی یورپی یونین کی صدارت کر رہا ہو گا۔ جرمنی کی اس صدارتی مدت کے دوران یورپی یونین کو سن 2021 تا 2027 کے لیے مشترکہ فائنانشل فریم ورک بھی طے کرنا ہے اور اس میں جرمنی کا اثرورسوخ اہم ترین ہو گا۔
آئندہ برس جرمنی کے یورپی یونین کے صدارت کے دورانیے میں یورپی یونین اور افریقی ممالک کی سربراہی کانفرنس اور یورپی یونین اور چین کی سمٹ بھی ہونا ہے۔ ان کانفرنسوں میں بھی جرمنی یورپی یونین کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔
فابیان فان ڈیر مارک، ع ت، ا ا