نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں، بھارت کی چھُٹی
7 نومبر 2021خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں آج نیوزی لینڈ نے افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر بھارت کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ ساتھ افغانستان کرکٹ ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے نکل گئی ہے۔
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے بالروں نے افغان بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور انہیں مقررہ بیس اوورز میں صرف ایک سو چوبیس رنز بنانے دیے۔ اس دوران ان کے آٹھ کھلاڑی بھی آوٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے تیز بالر ٹرینٹ بولٹ نے ایک اوور میں تین افغان بلے بازوں کو آؤٹ کر کے افغان ٹیم کی کمر توڑ دی۔ افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران نے سب سے زیادہ تہتر رنز بنائے۔ انہوں نے اس اسکور میں تین چھکے اور چار چوکے لگائے۔
ٹارگٹ کے حصول میں بلیک کیپس نے انتہائی مہارت اور پروفیشنل انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔ دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کانوائے نے ہدف مکمل کیا۔
ولیمسن نے چالیس اور کونوائے نے چھتیس رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کے مشہور اسپنر مجیب الرحمٰن اور راشد خان مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو قابو کرنے میں ناکام رہے۔ مجیب نے چار اوورز میں اکتیس رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ راشد خان نے اپنے چار اوورز میں ستائیس رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گروپ بی کے اس میچ کے بعد افغانستان کے ساتھ بھارت بھی ٹورنامنٹ سے فارغ ہو گیا ہے۔ بھارتی ٹیم سیمی فائنل میں صرف اس صورت میں پہنچ سکتی تھی، اگر نیوزی لینڈ کو افغان ٹیم شکست دے دیتی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔
ا ا / ع ح (اے ایف پی، روئٹرز)