1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیویارک: احمد خان رحمی پر دَس الزامات کے تحت فردِ جرم عائد

امجد علی21 ستمبر 2016

امریکا میں گزشتہ وِیک اَینڈ کے نیویارک بم حملوں کے افغان نژاد مشتبہ ملزم احمد خان رحمی پر بڑے پیمانے پر ہلاکت خیز ہتھیاروں کے استعمال سمیت دَس الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1K5vg
New Jersey Verhaftung Ahmad Khan Rahami
افغان نژاد امریکی شہری احمد خان رحمی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گیا تھاتصویر: Reuters/Courtesy WABC-TV

پراسیکیوٹرز کے مطابق رحمی نے بم بنانے کے اجزائے ترکیبی انٹرنیٹ پلیٹ فارم eBay سے خریدے، پھر اپنے دیسی ساختہ بموں کی آزمائش کرتے ہوئے اپنی ویڈیو بنائی، ساتھ ساتھ وہ ایک نوٹ بُک میں افغانستان، عراق، شام اور فلسطین میں امریکیوں کی جانب سے مجاہدین کے ’قتل عام‘ پر اپنے غم و غصے کا بھی اظہار کرتا رہا۔

سات سال کی عمر میں امریکا پہنچنے والے رحمی کو اسی نوٹ بُک کے ساتھ گرفتار کیا گیا، جس میں ایک جگہ اُس نے لکھا تھا،’’انشاء اللہ بموں کی آوازیں سڑکوں پر سنائی دیں گی۔ تمہاری پولیس کے لیے بندوق کی گولی۔ تمہارا ظلم، مردہ باد۔‘‘

اس نوٹ بُک میں رحمی نے اُسامہ بن لادن کے لیے ’بھائی‘ کا لفظ استعمال کیا ہے، القاعدہ کے امریکی نژاد مسلمان عالم اور 2011ء میں یمن میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے جانے والے انور العولقی کی بھی تعریف کی ہے۔ مزید لکھا ہے:’’میں اللہ سے شہادت کا طلبگار ہوں اور انشاء اللہ خدا میری دعا قبول کرے گا۔‘‘

رحمی کو پیر کے روز امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر لِنڈن سے گرفتار کیا گیا۔ اس دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں رحمی کو کئی گولیاں بھی لگیں۔ اگرچہ ہسپتال میں اُس کی حالت اب مستحکم ہے لیکن نیویارک پولیس کمشنر جیمز اونیل کے مطابق اب تک اُس سے زیادہ پوچھ گچھ نہیں کی جا سکی ہے۔

گزشتہ ہفتے کے روز نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں شام کے وقت پھٹنے والے ایک بم کی زَد میں آ کر اکتیس افراد زخمی ہو گئے تھےجبکہ ایک اور پریشر کُکر بم نہیں پھٹ سکا تھا۔ پولیس کے مطابق رحمی نے نیو جرسی کے ساحل پر ایک پائپ بم نصب کیا تھا، جو ہفتے کے روز صبح کے وقت پھٹا لیکن کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔

New Jersey Mohammed Rahami FBI
محمد رحمی (بائیں سے تیسرے) نے ایک ’گھریلو تنازعے‘ کے بعد دو سال قبل ہی اپنے بیٹے کے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط سے متعلق ایف بی آئی کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/J. Lane

اسی دوران احمد خان رحمی کے محرکات کے بارے میں چھان بین جاری ہے۔ رحمی کے والد کے مطابق اُنہوں نے ایک ’گھریلو تنازعے‘ کے بعد دو سال قبل ہی اپنے بیٹے کے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط سے متعلق ایف بی آئی کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا تھا۔ ایف بی آئی کے مطابق اُسے تمام تر تحقیق سے یہی پتہ چلا تھا کہ رحمی کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں ان حملوں کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ ساتھ نہ پھٹنے والے بموں پر انگلیوں کے نشانات بھی یہی بتاتے ہیں کہ یہ بم رحمی ہی نے نصب کیے تھے۔ قصور وار ثابت ہونے پر رحمی کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید