نیویارک میں امریکہ - آسیان سربراہ کانفرنس
24 ستمبر 2010جنوب مشرقی ایشیا میں بڑھتی ہوئی امریکی دلچسپی کا اندازہ اِس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ابھی ایک روز پہلے اوباما نے نومبر میں انڈونیشیا کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دورہ اِس سے پہلے دو مرتبہ ملتوی کیا جا چکا ہے۔ امریکہ اور آسیان کے درمیان نیویارک منعقدہ سربراہ کانفرنس میں مختلف علاقوں پر ملکیت سے متعلق پائے جانے والے اُن تنازعات کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی، جن کا تعلق چین اور اُس کے ایشیائی ہمسایہ ملکوں سے ہے۔
بحیرہء جنوبی چین، پاراسیل اور سپریٹلی جزائر
چین پورے بحیرہء جنوبی چین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے، جس میں زیادہ تر بحری جہازوں کے راستے میں آنے والے پاراسیل اور سپریٹلی سلسلہء جزائر کے سینکڑوں چھوٹے چھوٹے جزیرے اور چٹانیں بھی شامل ہیں۔ ویت نام، تائیوان، ملائیشیا، برونائی اور فلپائن بھی اِن تمام یا اِن میں سے کچھ جزائر پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اگرچہ خود ان جزائر کا رقبہ چند مربع کلومیٹر سے زیادہ نہیں ہے لیکن اہمیت سمندر کی تہہ میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کی ہے۔ اگرچہ یہاں وہاں خطے کے کچھ دیگر ممالک بھی نظر آتے ہیں لیکن سب سے زیادہ نمایاں موجودگی چین کی ہے اور امریکہ کو خدشہ ہے کہ یہ چیز کبھی نہ کبھی بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔
1998ء میں ویت نامی بحری اَفواج کی چین کے ساتھ ایک مختصر سی جھڑپ ہوئی تھی، جس میں پچاس ویت نامی سیلرز مارے گئے تھے۔ اِس بحری تنازعے پر ویت نام میں چین کے خلاف 2007ء میں خلاف توقع بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے تھے۔
نو عدد سپریٹلی جزائر پر قبضہ رکھنے والا ملک فلپائن بھی چین کے ملکیتی دعووں کی زیادہ سے زیادہ گرمی محسوس کر رہا ہے۔ فلپائن نے آسیان کی سطح پر یہ موضوع اٹھایا ہے تاکہ تمام جنوب مشرقی ایشیائی ممالک اِس موضوع پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کر سکیں۔
سینکاکو/ دیاؤیُو جزائر اور اوکینوٹوری شیما
سینکاکو جزائر کو چین میں دیاؤیُو جزائر کہا جاتا ہے ا ور یہ بحیرہء مشرقی چین میں واقع ہیں۔ یہیں اِس ماہ وہ واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک چینی ماہی گیر کشتی جاپانی ساحلی محافظوں کے دو بحری جہازوں سے ٹکرا گئی تھی اور چین اور جاپان کے درمیان ایک بڑے تنازعے کا باعث بنی تھی۔ تازہ خبروں کے مطابق جاپان نے بالآخر اِس ماہی گیر کشتی کے کپتان کو بھی رہا کر دیا ہے۔
جہاں تک ٹوکیو سے سترہ سو کلومیٹر جنوب کی طرف واقع اوکینوٹوری شیما نامی جزیرے پر جاپانی ملکیت کا معاملہ ہے، چین اُسے تسلیم کرتا ہے تاہم بحیرہء مشرقی چین میں اور بہت سے شعبوں میں جاپان اور چین کے مفادات ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں۔
چین - بھارت سرحد
چین اور بھارت کے درمیان تین الگ الگ تنازعات ہیں، جن میں ہمالیائی سرحد کے مغرب کی طرف واقع اَقصائے چین گلیشئرز بھی شامل ہیں، جہاں 38 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ چین کے قبضے میں ہے۔ مشرق کی جانب چین بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے بھی تقریباً 90 ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر اپنی ملکیت کے دعوے رکھتا ہے۔ اِس کے علاوہ بھارت کا کہنا ہے کہ بیجنگ حکومت غیر قانونی طور پر شمالی کشمیر کے تقریباً 5,180 مربع کلومیٹر علاقے پر قابض ہے، جو پاکستان نے 1963ء میں پاک چین سرحدی سمجھوتے کے تحت چین کے حوالے کیا تھا۔
رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے
ادارت:عدنان اسحاق