1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وادی نیلم میں جیپ کھائی میں گرنے سے چودہ ہلاکتیں

10 جولائی 2024

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک پہاڑی سڑک پر سفر کے دوران ایک جیپ کھائی میں گر جانے کے نتیجے میں بدھ دس جولائی کے روز چودہ افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/4i6Wq
Pakistan | Ökotourismus
تصویر: Khwaja Ishtiaq

جموں کشمیر کے منقسم خطے کے پاکستان کے زیر انتظام حصے میں مظفر آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کھائی میں گر جانے والی جیپ پر  16 افراد سوار تھے اور یہ حادثہ سیاحتی حوالے سے بہت پرکشش  وادی نیلم میں پیش آیا۔

مقامی حکومتی اہلکار ندیم جنجوعہ نے بتایا کہ اس سانحے کے بعد امدادی کارکنوں نے کھائی میں سے ہلاک ہونے والے تمام 14 افراد کی لاشوں اور دونوں زخمیوں کو نکال لیا ہے۔ مرنے والوں کی لاشیں اور دونوں زخمی ایک مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیے گئے ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ مسافروں سے بھری ہوئی یہ جیپ کس وجہ سے سڑک سے بہت نیچے کھائی میں جا گری۔

جموں کشمیر کا متنازعہ خطہ عشروں سے جنوبی ایشیا کی دو ہمسایہ لیکن حریف جوہری طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان منقسم ہے اور دونوں ہی اپنے اپنے طور پر اس پورے خطے کی ملکیت کے دعوے کرتے ہیں۔

نیلم ویلی میں 2005 ء میں زلزلہ زدگان کے لیے عارضی خیمے بنائے گئے تھے
دوہزار پانچ میں نیلم ویلی کو زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا تھا تصویر: AP

بھارت کی طرح پاکستان میں بھی سڑکوں پر جان لیوا حادثات عام ہیں، جن کی بنیادی وجوہات سڑکوں کی ابتر حالت، ٹرانسپورٹ کے نظام کی خرابی اور ناکافی انفراسٹرکچر بھی ہیں اور ٹریفک قوانین اور سلامتی کے نظام کا ناقص نفاذ بھی۔

ابھی گزشتہ ماہ ہی پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے اسی ضلع میں ایک مسافر وین بھی دریا میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 16 افراد  ہلاک  ہو گئے تھے، جن میں سے زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔

ک م/ م م (اے پی)