1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورچوئل ورلڈ میں اب چہل قدمی کیجیے

21 اگست 2013

اب تک ورچوئل ورلڈ یا کمپیوٹر پر تشکیل دی گئی غیر حقیقی دنیا کی سیر آپ محض کسی صوفے یا ڈیسک پر ہی بیٹھے بیٹھے کر سکتے تھے، لیکن اب آپ اِس دنیا میں باقاعدہ چل پھر کر بھی گھوما جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/19UGz
تصویر: Virtuix Omni

ورچوئل ٹیکنالوجی سے متعلق معروف کمپنی ورچوئکس Virtuix کی اس مقصد کے لیے تیار کردہ مشین ’اومنی‘ ایک ٹریڈ مِل کی طرح ہے جو دراصل ایک گول پلیٹ فارم پر مبنی ہے۔

اس نظام کے موجد یان گوئٹے لُک Jan Goeteluk نے اس پلیٹ فارم کی کارکردگی کا براہ راست مظاہرہ کرکے دکھایا۔ انہوں نے اس کے قبل از فروخت آرڈرز کی مد میں محض 48 دنوں کے دوران ایک ملین ڈالرز سے زائد رقم جمع کر لی ہے۔ اب وہ فروخت کے لیے اس کی پروڈکشن شروع کرنے والے ہیں۔

اب تک ورچوئل ورلڈ سے متعلق مسئلہ یہ تھا کہ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی چشمہ لگانا پڑتا تھا جسے لگا کر گیم کھیلنے والا عام طور پر بیٹھے بیٹھے ہی اسے استعمال کرتا تھا۔ گوئٹے لُک کے مطابق، ’’یہ مسئلہ گزشتہ 20 برس سے چل رہا تھا‘‘۔ ان کی نئی ایجاد اس میدان میں آگے کی جانب ایک قدم قرار دی جا رہی ہے جس میں استعمال کرنے والا شخص کمپیوٹر پر بنائی گئی دنیا میں گھومنے پھرنے اور دیگر افعال انجام دینے کے لیے اپنی ٹانگوں سے بھی کام لیتا ہے۔

Virtuix Omni™ Virtual Reality Interface
تصویر: Virtuix Omni

تھوڑی سی مقعر یعنی کنکیوو concave سطح والے اس پلیٹ فارم کے لیے استعمال کنندہ کو خصوصی جوتے استعمال کرنا پڑتے ہیں تاکہ اسے ایک قدرتی لینڈ اسکیپ پر چلنے اور دوڑنے کا احساس ہو سکے۔ اس کے علاوہ یوزر کو ایک بیلٹ بھی باندھنا پڑتی ہے تاکہ وہ اس پلیٹ فارم سے باہر کی جانب نہ گر سکے۔

ایسے ابتدائی صارفین جو تیاری سے قبل ہی اس کا آرڈر کرنا چاہتے ہیں انہیں یہ خصوصی ڈیوائس محض 500 ڈالرز میں ملے گی۔ اس میں ایک اوپن سورس گیم بھی شامل ہوگی تاکہ اس خصوصی ٹریڈ مل کے ممکنہ استعمال کے بارے میں آپ کو بخوبی اندازہ ہو سکے۔ یہ ڈیوائس ابتدائی طور پر خصوصی چشمے کے ساتھ استعمال کرنے کے لیے پروگرام کی گئی ہے۔

Virtuix کے مطابق اومنی کو ان تمام گیمز کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے جو پرسنل کمپیوٹرز پر کھیلنے کے لیے دستیاب ہیں۔ تاہم فی الحال اسے گیمنگ کنسولز کے ساتھ استعمال کرنا ممکن نہیں ہے۔