وزیرستان آپریشن وقت سے پہلے مکمل ہوگا، پاکستان
8 نومبر 2009دوسری جانب پاکستانی فوج نے ہفتے کو ایک بیان میں بارہ مزید طالبان کی ہلاکت کا اعلان کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے علاقے میں فوج مسلسل پیش قدمی کر رہی ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے ہفتہ کو پتوکی کے علاقے میں ایک پاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک بالخصوص بھارت کے ساتھ برابری کی بنیاد پر پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد حکومت نئی دہلی کے ساتھ تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے اور جامع مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے۔
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی مصالحتی آرڈیننس 'این آر او' ماضی کا حصہ ہے اور اب ہمیشہ کے لئے دفن ہو گیا ہے۔ انہوں نے آئین کی دفعہ 58(2)b کو بھی غیرمتعلقہ قرار دیا، جس کے تحت صدر کو اسمبلیاں توڑنے کا حق حاصل ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ ملکی عدلیہ اب مضبوط ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک کا سیاسی نظام مستحکم ہے، جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے، لیکن اسے مضبوط جڑیں پکڑنے کے لئے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کو مستحکم بنانے پر توجہ دیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد کو درپیش تمام خطرات مٹ چکے ہیں اور اس میں شامل تمام جماعتوں کے درمیان تعلقات اچھے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کا خصوصی حوالہ دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ پائی جانے والی تمام غلط فہمیاں دُور ہو چکی ہیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: کشور مصطفیٰ