1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وسطی امریکہ میں اگاتھا طوفان کی تباہ کاریاں

31 مئی 2010

وسطی امریکہ میں اگاتھا نامی طوفان کے باعث اسی سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ طوفانی بارشوں نے خطے کے تین ممالک گواٹیمالا، الساواڈو اور ہونڈوراس میں کافی کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

https://p.dw.com/p/NdOk
تصویر: IFRC

تینوں ممالک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ خطرہ ہے کہ آنے والے دنوں میں اگاتھا طوفان کے باعث زمینی کٹاؤ میں تیزی آسکتی ہے۔ یہ طوفان میکسیکو کی سرحد سے ملحقہ گواٹیمالا میں ہفتے کو آیا، جس کے باعث تریسٹھ ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے، جبکہ بیس سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ چوہتر ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

دارالحکومت گواٹیمالا سٹی کے جنوب مشرق میں واقع شہر سان انتھونیو پالاپو میں سب سے زیادہ نقصان کی اطلاع ہے۔ مقامی حکومت کے مطابق چودہ نعشیں اب بھی مٹی تلے دبی ہوئی ہیں۔ امدادی کاموں میں مصروف رضا کاروں کے مطابق مواصلات کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے دور افتادہ علاقوں کی صورتحال کا اندازہ نہیں لگ پا رہا۔ علاقے میں اگلے کئی دنوں تک طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے۔ دریاؤں کے بند ٹوٹنے سے شہر اور گاؤں میں یکساں تباہی ہوئی ہے۔ دارالحکومت کے پاس ایک بڑا پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا جبکہ بہت سے علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

گواٹیمالا اور الساواڈور دنیا بھر میں کافی کی پیداوار کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ طوفانی بارشوں سے کافی کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ دونوں ملکوں کی نیشنل کافی ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مواصلاتی رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے انہیں نقصان کا اندازہ لگانے میں مشکل ہو رہی ہے۔

Colom als neuer Präsident Guatemalas vereidigt
گواٹیمالا کے صدر الوارو کولوم کے مطابق اب تک ایک میڑ بارش ریکارڈ کی جاچکی ہےتصویر: Picture-Alliance /dpa

گواٹیمالا کے صدر الوارو کولوم کے مطابق اب تک ایک میڑ بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ ایک ہنگامی اخباری بیٹھک میں ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی صورتحال انتہائی مخدوش ہوچکی ہے لہذا موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پاسایا آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ اور دھوئیں کے بادل صورتحال کو مزید گھمبیر کرسکتے ہیں۔ کولیمبیا اور امریکہ نے متاثرہ ممالک کو تعاون فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

ادہر الساواڈور کے صدر مائیریسو فیونس کے مطابق آٹھ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ہونڈوراس میں اب تک ایک ہلاکت کی اطلاع ہے۔ گزشتہ سال بھی خطے میں اسی نوعیت کے طوفان سے ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر