ومبلڈن: سیرینا ولیمز فائنل میں
2 جولائی 2010جمعرات کو لندن میں خواتین کے سیمی فائنل میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز کو چیک جمہوریہ کی پیٹرا کویٹووا کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ دو سیٹ کے میچ میں امریکی کھلاڑی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ پہلے سیٹ میں کویٹووا کو ایک وقت میں دو گیمز کے مقابلے میں چار گیمز کی سبقت حاصل تھی لیکن سیرینا نے ہمت دکھائی اور اپنے تجربے اور مہارت کی بنیاد پر بیس سالہ نوجوان چیک کھلاڑی کو شکست دی۔ سیرینا ولیمز ومبلڈن میں خواتین کی دفاعی چیمپیئن بھی ہیں۔
دوسرا سیمی فائنل میچ روس کی ویرا زووناریوا اور بلغاریہ کی سویتانا پیرونکووا کے درمیان کھیلا گیا۔ بلغاریہ کی کھلاڑی کے خواب نما سفر کا منطقی انجام بھی اس سیمی فائنل میچ پر ہو گیا۔ تین سیٹ کے میچ میں ایک مقابلے میں دو سیٹ سےروسی کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی۔ سن 2004 ءکے بعد ومبلڈن کے فائنل میں پہنچنے والی وہ پہلی روسی خاتون کھلاڑی ہیں۔ سن 2004ء میں ماریا شاراپووا کو فائنل کھیلنے کع اعزاز حاصل ہوا تھا۔ روسی خاتون کھلاڑی نے ویرا زوناریوا نے فائنل تک رسائی کے دوران سیربیا کی ژالینا ژانکووچ کے علاوہ بیلجیم کی کم کلائسٹرز کو بھی شکست دی تھی۔
ہفتہ کے روز خواتین کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ مبصرین کا اندازہ ہے کہ سیرینا ولیمز اس میچ میں جیتنے کی پوزیشن میں ہیں لیکن دوسری جانب ویرا زووناریوا پر امید ہیں کہ وہ اپ سیٹ کر سکتی ہیں۔ سیرینا ولیمز اس وقت عالمی نمبر ایک ہیں اور ان کے مدمقابل روسی کھلاڑی عالمی نمبر اکیس ہیں۔ اگر سیرینا اپنی پوری فارم کے ساتھ کھیلیں تو روسی کھلاڑی کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
جمعہ کے روز ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سیمی فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔ ان میں چیک جمہوریہ کے ٹوماس بردیخ کو سیربیا کے عالمی نمبر تین نوواک جوکووچ کا سامنا ہے۔ خواتین کے سیمی فائنل مقابلے میں ہارنے والی چیک جمہوریہ کی کھلاڑی پیٹرا کویٹووا نے بردیخ کی کامیابی کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے خیال میں جوکوچ کو بردیخ کی زوردار سروس کا سامنا ہو گا۔ اگر بردیخ سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہیں تو وہ عالمی درجہ بندی میں ٹاپ ٹین لسٹ میں شامل ہو جائیں گے۔ بردیخ کی پوزیشن تیرہویں ہے۔
دوسرے سیمی فائنل میچ میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال کو برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اینڈی مرے چوہتر سال بعد ومبلڈن کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے برطانوی ٹینس کھلاڑی ہیں۔ اس میچ میں برطانوی شائقین کا شور یقینی طور پر اینڈی مرے کے ساتھ ہو گا۔ مرے اس وقت عالمی نمبر چار ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ