1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی ویمن کی پہلی کامیابی

12 فروری 2019

کرکٹ کی بات ہو تو صرف مردوں کی ٹیم کا دھیان ہی آتا ہے۔ بے شک پاکستانی مردوں کی ٹیم نے کئی کامیابیاں سمیٹی ہیں لیکن اب پاکستانی ویمن نے بھی ایک تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے، یعنی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی ’سیریز ون‘۔

https://p.dw.com/p/3DDmM
Pakistan Cricket Frauen 2014 Asian Games
تصویر: Getty Images/Bay Ismoyo

پاکستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس کامیابی پر ناقدین پاکستانی ویمن کی ستائش کر رہے ہیں۔ سدرہ امین، ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار کھیل پیش کیا۔

آئی سی سی چیمپئن شپ سیریز کے سلسلے میں کھیلی گئی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین اس دو طرفہ سیریز میں پاکستانی ویمن کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تین ون ڈے میچوں پر مشتمل اس سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈین خواتین نے پہلے کھیلتے ہوئے 159 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم نے اڑتالیسویں اوور میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر ہی 163 رنز بنا کر کامیابی حاصل کر لی۔ یوں پاکستانی خواتین نے اس سیریز میں دو ایک سے فتح حاصل کی۔

پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستانی ویمن ٹیم نے کسی دو طرفہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد بارہ ہو گئی ہے۔ اس فتح کی بدولت پاکستانی ویمن کی ٹیم آئی سی سی چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آ گئی ہے۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

پیر کے دن دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے بازوں میں سدرہ امین، ندا ڈار اور جویریہ خان رہیں۔ اوپنر کھلاڑی سدرہ نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے باون رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ندا نے چھبیس جبکہ جویریہ نے چوبیس رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے شاکیرہ سلمان اور اسٹیفنی ٹیلر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی طرف سے بہترین بولرز میں نشرہ سندھو اور ڈیانا بیگ رہیں، جنہوں نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ بہترین کھیل پیش کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی سدرہ امین کو قرار دیا گیا۔

ثناء میر، دنیا کی بہترین خاتون بالر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید