ویلنٹائن ڈے پرکیڑے مکوڑے کا تناول
جاپان کے ایک بار میں ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر مہمانوں کی تواضع مختلف قسم کے کیڑے مکوڑوں سے کی جاتی ہے۔ ان میں سے کچھ کو تو بیرون ملک سے درآمد کیا گیا ہے۔
چاکلیٹ کیڑوں کے ساتھ
کیڑوں کے ساتھ چاکلیٹ کیک؟ یہ منفرد میٹھا ایک جاپانی بار میں ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر خصوصی طور پر مہمانوں کو پیش کیا جاتا ہے۔ ایک مہمان کا کہنا ہے،’’ باہر سے کُرکرا اور اندر چاکلیٹ بھری ہوئی، مزیدار‘‘۔
ویلنٹائن ڈے کی خصوصیات
ڈوران نامی یہ بار ٹوکیو کے مرکز میں ہے۔ یہ بار اپنی اس جدت سے لوگوں کو حیران کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ حالانکہ اگر جاپان کے روایتی کھانوں کی بات کی جائے تو کیڑے مکوڑوں کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے یعنی کسی کھانے میں حشرات کا استعمال نہیں کیا جاتا۔
بھرپور توانائی
کیڑوں میں پروٹین، چربی، ویٹامن اور معدنیات کی بھرپورمقدار موجود ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم ’ ایف اے او‘ نے کیڑے مکوڑوں کو غذا کے طور پر استعمال کرنے کو سراہا ہے۔
کیڑوں کی درآمد
ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر یہ کیڑے خصوصی طور پر تھائی لینڈ سے درآمد کیے گئے ہیں۔ کسی بھی مہمان کو ایک پلیٹ کیڑے کھانے کے لیے پانچ سے چھ یورو کے برابر ادا کرنے پڑتے ہیں۔
کاکٹیل میں بھی کیڑے
اس جاپانی بار میں صرف کیڑے کھانے کے لیے ہی نہیں پیش کیے جاتے بلکہ کاکٹیل کے گلاس کو پھل کے بجائے کیڑوں سے خوبصورت و دلکش بنایا جاتا ہے۔ مہمانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح انہیں کیڑوں کے خوف سے چھٹکارا پانے میں مدد ملی ہے۔