1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وینیزویلا کی دھمکی، کولمبیا کا ردعمل

9 نومبر 2009

لاطینی امریکی ملک وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز کی طرف سے اپنے فوجیوں کو جنگ کے لیے تیار رہنے کے حکم پر ہمسایہ ملک کولمبیا نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KSDZ
شاویز، کولمبیا اور امریکہ کے مابین فوجی روابط میں اضافے سے بےحد ناخوش ہیںتصویر: AP

کولمبیا نے کہا کہ وینزویلا کی طرف سے ممکنہ حملے کی صورت میں وہ اقوام متحدہ سے رجوع کرے گا۔

Obama und Uribe
کولمبیا اور امریکہ کے درمیان اس سال اکتوبر میں ایک فوجی معاہدہ طے پایا تھاتصویر: picture-alliance/ dpa

وینزویلا اور کولمبیا کے مابین لفظوں کی جنگ کے آغاز کے بعد خطے میں سیاسی کھینچا تانی جاری ہے۔ وینزویلا کے صدر شاویز نے اپنے ہفتہ وار ٹیلی وژن اور ریڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے ملک کو اپنے ہر شہری کے تحفظ اور وطن کے دفاع کے لئے کولمبیاکے ساتھ ممکنہ ایک بڑی جنگ کے لئےتیار رہنا چاہئے۔ شاویز، کولمبیا اور امریکہ کے مابین فوجی روابط میں اضافے سے بےحد ناخوش ہیں۔

کولمبیا کے دار الحکومت بگوٹا میں حکام نے وینزویلا کے صدر کے اس دھمکی آمیز بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر اقوام متحدہ میں لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

لفظوں کی اس نئی جنگ کی وجہ وہ متنازعہ معاہدہ بنا، جوکولمبیا اور امریکہ کے درمیان طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکہ، منشیات مخالف آپریشنز میں ‌حصہ لینے کے لئے کولمبیا میں سات فوجی ٹھکانوں کو استعمال کر سکتا ہے۔

Generalstreik in Venezuela Militär
صدر شاویز نےکہا ہےکہ ان کے ملک کو کولمبیاکے ساتھ ممکنہ ایک بڑی جنگ کے لئےتیار رہنا چاہئےتصویر: AP

وینزویلا اور کولمبیا کے باہمی تعلقات میں گزشتہ کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے۔ اس سال جولائی سے اب تک دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات بھی منقطع ہیں۔

شاویز نے اپنے تازہ بیان میں واضح طور پر امریکہ سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ اگر وہ جنوبی امریکہ کے ہمسایہ ملکوں کے مابین جنگ کے لیے اکسائےگا، تو وینزویلا اس کے لیے تیار ہو گا۔

کولمبیا اور امریکہ کے درمیان اس سال اکتوبر میں ایک فوجی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکہ کو کولمبیا میں فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت ملی۔

وینزویلا کو شکایت ہے کہ اس کے ہمسایہ ملک نے امریکی فوجیوں کو اپنے ہاں قیام کی اجازت اس مقصد سے دی، تاکہ وینزویلا پر فوجی دباؤ ڈالا جا سکے۔ واشنگٹن کا موقف ہے کہ کولمبیا کے ساتھ ڈیل کا مقصد منشیات کے کاروبار میں ملوث گروہوں اور ڈرگ سمگلنگ پر قابو پانے کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

رپورٹ : عصمت جبیں

ادارت : گوہر نذیر