ٹرمپ سے مقابلہ: کملا ہیرس اپنی میڈیکل ہسٹری عام کریں گی
12 اکتوبر 2024امریکی نائب صدر اور آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس آج بروز ہفتہ اپنی میڈیکل ہسٹری اور صحت کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس حوالے سے ان کی انتخابی مہم کے ایک سینئر معاون نے کہا، ''وہ (کملا) صدر کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے درکار جسمانی اور ذہنی صحت کی حامل ہیں۔‘‘
ہیرس کے مشیر امید کرتے ہیں کہ وہ اس اقدام کو ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ موازنے کے لیے استعمال کریں گے، جنہوں نے گزشتہ برسوں میں اپنی صحت کے بارے میں صرف محدود معلومات جاری کی ہیں اور صدر بننے کے لیے ان کی فٹنس کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔
ہیرس کے دفتر نے اس بارے میں تفصیل میں نہیں بتایا کہ ان کی میڈیکل ہسٹری کی رپورٹ کتنی مکمل ہوگی۔ ان کے ایک معاون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا اس رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ہیریس ''صدارتی فرائض کی کامیابی سے انجام دہی کے لیے درکار جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کے حامل ہیں، جن میں چیف ایگزیکٹو، ہیڈ آف اسٹیٹ اور کمانڈر ان چیف کے فرائض کی انجام دہی بھی شامل ہیں۔‘‘
دوسری جانب ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران خود پر کیے گئے قاتلانہ حملے کے دوران سے پہلے یا بعد میں بھی اپنی صحت سے متعلق بہت ہی کم معلومات مہیا کی ہیں۔
جولائی میں 78 سالہ ٹرمپ نے اپنے اس وقت کے مد مقابل 81 سالہ صدر جو بائیڈن کی صحت سے متعلق بڑی بے تابی سے سوالات اٹھائے تھے۔ چونکہ اس کے بعد بائیڈن کے متبادل کے طور پر کملا ہیرس کو لایا گیا، جو 59 سال کی ہیں، اس لیے اب ٹرمپ کی صحت پر زیادہ توجہ مبذول ہو چکی ہے۔
گزشتہ نومبر میں بائیڈن کی سالگرہ کے موقع پر ٹرمپ نے اپنے معالج کا ایک خط جاری کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ سابق صدر کی جسمانی اور ذہنی صحت ''بہترین‘‘ہے۔ تاہم ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کیے گئے اس خط میں کیے گئے دعوے کی حمایت میں سابق صدر کے وزن، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح، یا کسی ٹیسٹ کے نتائج پر مشتمل کوئی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔
ش ر⁄ ع ت (اے پی)