1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی جانب سے پوٹن کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت

20 جولائی 2018

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا ہے۔ ان دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات رواں برس موسم خزاں میں ہو گی۔

https://p.dw.com/p/31nz5
Finnland Helsinki PK Treffen Trump Putin
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Metzel

ہیلسنکی میں امریکی اور روسی صدور کی ملاقات کے چند ہی روز بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پوٹن کو وائٹ ہاؤس مدعو کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ وہ پوٹن سے دوبارہ ملاقات کے خواہش مند ہیں، تاکہ پہلی ملاقات میں طے کردہ امور پر عمل درآمد کا آغاز ہو سکے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان اس ملاقات پر ٹرمپ کو داخلی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تمام تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پوٹن کے ساتھ ملاقات نہایت کامیاب رہی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امن کے لیے کام کرتے رہیں گے، ٹرمپ کی تنقید پر مونٹینیگرو کا ردعمل

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنا بیان واپس لے لیا

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک ایسے موقع پر جب امریکی خفیہ اداروں کی جانب سے روس پر امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، روسی صدر کو وائٹ ہاؤس مدعو کرنا، ایک طرح سے روسی مداخلت ’درست‘ سمجھے جانے کا اشارہ دینے کے مترادف ہو گا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پوٹن کو وائٹ ہاؤس کو مدعو کرنے کا ایک مطلب یہ بھی ہو گا کہ امریکا مشرقی یوکرائن، شام اور دیگر معاملات میں روس کے اقدامات کی توثیق کر رہا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں اس سے قبل کسی روسی رہنما کو وائٹ ہاؤس میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری سارہ ہوکابی نے جمعرات کے دن کہا کہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے کہا ہے کہ وہ پوٹن کو مدعو کریں۔ ہوکابی کا کہنا تھا کہ اس دعوت کا مقصد زیر گفت گو امور کو آگے بڑھانا ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ’دوسری ملاقات‘ کے خواہش مند ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’بہت سے چیلنجز کا جوابات موجود ہیں، کچھ آسان ہیں اور کچھ مشکل۔ مگر تمام مسائل قابل حل ہیں۔‘‘

روس نے صدر پوٹن کے واشنگٹن کے دورے پر مزید گفتگو کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

ع ت، ع ح (روئٹرز، اے پی)