ٹرمپ کی خطرناک ویڈیو، الہان عمر کے لیے اضافی حفاظتی انتظامات
15 اپریل 2019امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ انہوں نے اس ایوان کی رکن الہان عمر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی انتظامات کا حکم دے دیا ہے۔ الہان عمر امریکی ایوان نمائندگان کی ایک ڈیموکریٹ رکن ہیں اور وہ کئی بار صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کھل کر یہ الزام بھی لگا چکی ہیں کہ ٹرمپ ان کے خلاف ’اشتعال انگیز‘ بیان بازی کرتے رہتے ہیں۔
ابھی حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں الہان عمر کے ایک خطاب کے کچھ حصے شامل تھے۔ ان میں الہان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ’’کچھ لوگوں نے کچھ کیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ گیارہ ستمبر 2001ء کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد اسلام سے نفرت میں اضافے کے موضوع پر بھی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
الہان عمر کے خطاب کے حصوں کے فوری بعد اس ویڈیو میں وہ مناظر دکھائے گئے ہیں، جن میں دو طیارے نیو یارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ٹکراتے نظر آتے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’’ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔‘‘پیلوسی کے مطابق ٹرمپ کی اس ’خطرناک ویڈیو‘ کو لازمی طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔ الہان عمر نے تئیس ستمبر کو کونسل آن امیریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) کی ایک تقریب سے بیس منٹ طویل خطاب کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا، ’’بہت طویل عرصے سے، ہم دوسرے درجےکے شہری ہونے کی تکلیف برداشت کر رہے ہیں۔ اور میں صاف طور پر کہوں گی کہ میں اب سے تھک چکی ہوں۔ اور اس ملک میں رہنے والا ہر مسلمان بھی اس سے تھک گیا ہو گا۔‘‘
وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کی جانب سے اس ویڈیو کے جاری کیے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے، ’’صدر ٹرمپ کا کوئی غلط مقصد نہیں تھا اور انہوں نے کسی کے خلاف تشدد کا پرچار نہیں کیا۔‘‘