1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کے خلاف مواخذہ، تفتیش میں شدت

5 اکتوبر 2019

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی انکوائری میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔ اس وقت ایوانِ نمائندگان کی اکثریتی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی ہے۔

https://p.dw.com/p/3QlWA
USA Washington Donald Trump
تصویر: picture-alliance/CNP/T. Katopodis

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کے ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین نے وائٹ ہاؤس سے کہا ہے کہ یوکرائنی معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جن الزامات کا سامنا ہے، اُن سے متعلق دستاویزات فراہم کی جائیں۔ صدر ٹرمپ کو یوکرائنی صدر کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کے منظر عام آنے پر مواخذے کی تفتیش کا سامنا ہے۔ اس گفتگو میں ٹرمپ نے اپنے یوکرائنی ہم منصب وولوودومیر زیلنسکی سے سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور اُن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تفتیشی عمل شروع کرنے کا کہا تھا۔

USA Joe Biden mit Sohn Hunter
تصویر: Reuters/J. Ernst

ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور اور انٹلیجنس کی کمیٹیوں کے سربراہان کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس ابھی تک اس معاملے میں تعاون سے گریز کر رہا ہے اور متعدد درخواستوں کو نظرانداز بھی کیا گیا ہے۔ اس مناسبت سے وائٹ ہاؤس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اٹھارہ اکتوبر تک متعلقہ دستاویزات فراہم کرے۔

اس سلسلے میں ایوان کی جانب سے ایک درخواست نائب صدر مائیک پینس کو بھی روانہ کی گئی ہے کہ وہ بھی ٹرمپ اور زیلینسکی کے درمیان ہونے والی بات چیت اور یوکرائن کے لیے امریکی امداد جاری کرنے کے حوالے سے معلومات فراہم کریں۔ پینس کے دفتر نے اس درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا ہے کہ اس میں کوئی اہم بات نہیں پوچھی گئی تھی۔

Bildkombo Donald Trump und Joe Biden

اس دوران امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو طلب کیے جانے کے باوجود بھی جمعہ چار اکتوبر کو خارجہ امور کی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ایوان نمائندگان کی خصوصی کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی وکیل اور نیویارک شہر کے سابق میئر روڈی جولیانی کی طلبی کا پروانہ بھی جاری کر رکھا ہے۔

ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی انکوائری کا معاملہ امریکی میڈیا کے ساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی انتہائی فوقیت کا حامل بن چکا ہے۔ دو روز قبل امریکی صدر نے اپنے یوکرائنی ہم منصب کے ساتھ کی جانے والی گفتگو کا دفاع بھی کیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے اور حق بھی ہے کہ وہ ملک کے اندر ہونے والی کسی بھی بدعنوانی کے خلاف تفتیش کرائیں۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید