ٹونی کرٹس 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
30 ستمبر 2010ٹونی 1950کی دہائی کے مقبول، کامیاب ترین اور وجیہ ہالی وڈ اداکاروں میں سے ایک تھے اوراس وقت وہ ایک مشہور 'پلے بوئے' بھی تصور کئے جاتے تھے۔ کرٹس نے فلوموں اور ڈراموں دونوں میں کام کیا اور دونوں میں ہی مقبولیت بھی حاصل کی۔اس کے علاوہ کرٹس نے فلم The Flintstones کے لئے صداکاری بھی کی۔کرٹس اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہت اچھے آرٹسٹ بھی تھے اور اداکاری کے بعد یہ ہی ان کا دوسرا مشغلہ تھا۔
کرٹس سال 1958 میں بنے والی فلم The Defiant Ones میں اپنے کردار کے لئے 'اکیڈمی ایورڈ' کے لئے بھی منتخب ہوئے تھے مگر فلم Some Like it Hot میں مارلین مونرو کے محبوب کے طور پران کے کردار کو ہمیشہ سراہا گیا۔ کرٹس کوOscar ایوارڈ نہ ملنے کا ہمیشہ دکھ رہا مگر ان کو اور بہت سے اعزازات ملے اور لاس اینجلس میں ان کے نام کا 'والک آف دے فیم' پر بھی نصب ہے۔
سال 2008 میںAmerican Prince a Memoir کے نام سے کرٹس کی سوانح حیات بھی شائع ہوئی، جس میں انہوں نے اپنے زمانے کے بڑے بڑے فنکاروں جیسے فرینک سناترا اور جیمس ڈین سے اپنے تعلقات اور اپنے بچپن اور اداکاری کے کیریئر کے بارے میں بھی بتایا ہے۔
ٹونی کرٹس نے اپنے فلمی کیریئر میں 140سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان میں سے زیادہ تر میں فلموں میں انہوں نے مزاحیہ کردار ادا کئے۔ تاہم چند فلموں میں قزاق اور گینگسٹر کے طور پر بھی نظر آئے۔ وہ اپنے جوانی کے دور میں منشیات اور شراب نوشی کی عادت سے لڑتے رہے۔ ان کی موت کی تصدیق ان کی بیٹی اداکارہ جیمی لی کرٹس نے کی ہے۔
رپورٹ: سمن جعفری
ادارت : عدنان اسحاق