ٹینس: شنگھائی ماسٹرز اور جاپان اوپن ٹورنامنٹ
17 اکتوبر 2009شنگھائی میں تین اعشاریہ دو چار ملین ڈالر مالیت کے انعامات والے اے ٹی پی ماسٹرز ٹورنامنٹ کا فائنل اسپین کے ٹاپ سِیڈ رافائیل ندال اور روسی کھلاڑی نکولائی داوی دَینکو کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر جا رہے ندال سیمی فائنل میں اُس وقت فاتح قرار دئے گئے، جب اُن کے ہم وطن حریف فیلیسیانو لوپیز مقابلے سے دستبردار ہو گئے۔ روسی کھلاڑی داوی دَینکو نے سیمی فائنل میں سیرب کھلاڑی نوواک جوکووِچ کو چار چھ، چھ چار اور سات چھ سے ہرایا۔
تیئس سالہ ندال اور اُن سے عمر میں پانچ سال بڑے داوی دَینکو کے درمیان اب تک چھ مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں سے چار ندال نے جیتے ہیں جبکہ دو میں داوی دَینکو کو فتح نصیب ہوئی ہے۔ ندال کو اِس سال زخمی ہونے کے باعث دو مرتبہ مجبوراً وقفہ کرنا پڑا اور یوں وہ مئی میں میڈرڈ میں ایک ٹینس ٹورنامنٹ میں فتح کے بعد سے کسی ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی کے منتظر چلے آ رہے ہیں۔
اُدھر اوساکا میں کھیلے جانے والے دو لاکھ بیس ہزار ڈالر کے انعامات والے جاپان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگل مقابلوں میں ہفتے کے روز آسٹریلیا کی تھرڈ سیڈ سمنتھا سٹوسر ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو تین سَیٹ کے ایک مقابلے میں چھ صفر، چار چھ اور چھ چار سے شکست دے کر اِس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔
پچیس سالہ سٹوسر عالمی درجہ بندی میں پندرہویں نمبر پر ہیں جبکہ ووزنیاکی چھٹے نمبر پر۔ اِس ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سٹوسر کا مقابلہ ہو گا، اٹلی کی فرانچیسکا شیاوونے سے، جس نے ہفتے کے روز ہی دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی ثانیہ مرزا کو چھ دو اور چھ ایک سے ہرا دیا۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: ندیم گِل