پاؤں سے پیانو بجانے والے چینی فنکار کے لئے اعزاز
11 اکتوبر 2010اس باصلاحیت چینی نوجوان کا نام لِیُو وائی ہے اور اس نے اپنے دونوں پاؤں کے انگوٹھوں اور انگلیوں سے پیانو بجاتے ہوئے اتوار کی رات China's Got Talent نامی مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی۔
دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک چین میں غیر معمولی قدرتی صلاحیتوں کے حامل شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے شروع کئے گئے اس پروگرام کا فائنل اتوار کی رات شنگھائی کے سٹیڈیم میں منعقد کیا گیا۔
شائقین سے بھرے اس سٹیڈیم میں لِیُو وائی نے جب جیمز بلنٹ کے عشقیہ گیت You're Beautiful کی دھن کو پیانو پر اپنے پاؤں سے بجایا تو ہزار ہا شہریوں کا یہ مجمع عش عش کر اٹھا۔
پھر اس مقابلے کے تینوں ججوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ دیا کہ لِیُو وائی ہی اپنی ہمت اور حوصلے کی وجہ سے اس مقابلے کا فاتح بننے کے اصل حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے موسیقی سے اپنی لگن کے باعث جو کچھ اپنی زندگی میں کرنا چاہا، اس میں انہوں نے اپنی جسمانی معذوری کو کوئی رکاوٹ نہیں بننے دیا۔
چینی دارالحکومت بیجنگ کا رہنے والا یہ نوجوان اپنی سوچ اور زندگی سے متعلق رویوں میں اپنے بہت سے ہم عمر افراد سے اتنا مختلف ہے کہ جب اسے اس ٹیلنٹ شو کا فاتح قرار دیا گیا تو اس نے کہا: ’’میرے دونوں بازو نہیں تو کیا ہوا۔ میرے پاس دو بہترین ٹانگیں تو ہیں۔‘‘
کئی دوسرے ملکوں کی طرح چین میں بھی یہ مقابلہ بنیادی طور پر ایک ٹیلی وژن شو ہوتا ہے۔ لیکن اس کے فائنل کا انعقاد شنگھائی سٹیڈیم میں کیا گیا۔ اس مقابلے کی ایک جج اور تائیوان کی مشہور گلوکارہ جولین تسائی اس مقابلے میں لِیُو وائی کی کارکردگی سے اتنی متاثر ہوئیں کہ انہوں نے فوری طور پر اس چینی موسیقار کو یہ پیشکش کر دی کہ وہ اگر وہ چاہیں تو جولین تسائی کے اگلے عالمی دورے کے دوران ان کے ہمراہ جا کر اپنے فن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ اس نوجوان کو پرفارمنس کا ایک باقاعدہ معاہدہ بھی مل جائے۔
لِیُو وائی کے دونوں بازو ڈاکٹروں کو قریب تیرہ برس قبل اس وقت کاٹ دینا پڑے تھے، جب دس سال کی عمر میں اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے وہ بجلی کا ایک بہت طاقتور جھٹکا لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت: مقبول ملک