پالتو کتوں کی تربیت کے تنازعے میں عورت نے عورت کو کاٹ لیا
27 دسمبر 2021پولیس نے پیر ستائیس دسمبر کے روز بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ چوبیس دسمبر کو مشرقی جرمن ریاست تھیورنگیا کے چھوٹے سے شہر آئزیناخ میں پیش آیا۔ ایک ستائیس سالہ خاتون اپنے پالتو کتے کے ساتھ ایک پارک میں سیر کر رہی تھی کہ اس نے دیکھا کہ ایک اکاون سالہ خاتون نے، جو خود بھی اپنے پالتو کتے کے ساتھ اسی پارک میں سیر کر رہی تھی، اپنے کتے کو پیٹنا شروع کر دیا۔
انڈونیشیا: کتے کا گوشت بیچنے والے تاجر کو جیل بھیج دیا گیا
اس پر نوجوان خاتون نے اپنے سے زیادہ عمر کی خاتون کو مخاطب کر کے اسے اپنے کتے کو پیٹنے سے روکنے کی کوشش کی تو دونوں خواتین کے مابین بحث شروع ہو گئی۔ ستائیس سالہ خاتون کا کہنا تھا کہ اکاون سالہ خاتون کو اپنے کتے کی تربیت کے لیے اسے پیٹنا نہیں چاہیے۔ بڑی عمر کی خاتون کا اصرار تھا کہ کتا اس کا اپنا ہے اور وہ جانتی ہے کہ اس کی تربیت کیسے کی جانا چاہیے۔
یوں دیکھتے ہی دیکھتے یہ بحث باقاعدہ لڑائی کی شکل اختیار کر گئی اور دونوں خواتین نے اپنے کتوں کو چھوڑ کر ایک دوسرے کو پیٹنا شروع کر دیا۔
پولیس کے مطابق، ''لڑتے لڑتے بڑی عمر کی خاتون زمین پر گر گئی اور اس نے اپنے دانت اپنی کم عمر حریف کی پنڈلی میں گاڑ دیے، جس سے وہ زخمی تو ہو گئی مگر زمین پر گری ہوئی خاتون کو ٹھڈے مارتی رہی۔‘‘
پولیس نے اس واقعے کے بعد درج کردہ مقدمے میں لکھا ہے، ''اس لڑائی میں دونوں خواتین زخمی ہو گئیں جبکہ ان کے پالتو کتے پاس کھڑے انہیں خاموشی سے دیکھتے ہی رہے۔ دونوں کتے نہ تو آپس میں لڑے اور نہ ہی ان میں سے کسی نے اپنی مالکن کی حریف خاتون کو کاٹنے کی کوشش کی۔‘‘
دونوں خواتین کو اب ایک دوسرے کو جسمانی طور پر زخمی کرنے کے الزامات کے تحت عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔
م م / ا ا (ڈی پی اے، ٹ ج)