پانچ ایجادات، شائد آپ نہ جانتے ہوں کہ جرمنی میں ہوئیں
جرمنی ایجادات کرنے والوں کا ملک ہے۔ اس ملک کو بہت سے تخیلاتی نظریات کا گڑھ اور اہم اختراعات کی آماجگاہ تصور کیا جاتا ہے۔ کافی فلٹر، چپکنے والی ٹیپ، برقی قوت کی مشین اور کمپیوٹر اسی ملک میں ایجاد ہوئیں۔
کافی فلٹر
کافی فلٹر کا ابتدائی نظریہ سن 1908 میں جرمن شہر ڈریسڈن میں پیدا ہوا۔ خاتون خانہ ملیٹا بینٹس کپ کے اندر جمع ہو جانے والے کافی کے دانوں کی تلچھٹ سے نالاں تھیں۔ اس سے جان چھڑانے کے لیے بینٹس نے ٹین کا کین لیا، اس کے پیندے میں چھوٹے چھوٹے سوراخ کیے اور کاغذ لے کر اسے ٹین کے پیندے میں چھلنی کے طور پر استعمال کیا۔ یہ طریقہ کامیاب ثابت ہوا اور اب تک لوگوں میں مقبول ہے۔
چپکنے والی ٹیپپ
سن 1896 میں آسکر ٹروپلوِیٹس چپکنے والی بینڈج تیار کرنے کی کوشش میں تھے۔ تاہم ابتدا میں ان کی بنائی ہوئی ٹیپ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے، اس لیے انہوں نے اس ایجاد کو بائیسکل کے ٹائروں کی مضبوطی کے لیے مختص کر دیا۔ سن 1936 میں البتہ وہ چپکنے والی ٹیپ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
ایم پی تھری فارمیٹ
سن 1987 میں جرمن شہر ایرلانگن میں فرآونہوفر انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ محققین نے ایک میوزک فائل کے سائز کو چھوٹا کرنے کا طریقہ ایجاد کر لیا۔ اہم بات یہ تھی کہ اس طریقے سے آڈیو کی کوالٹی خراب نہیں ہوتی تھی۔ کچھ سالوں بعد ہی اس ٹیکنالوجی نے میوزک کی صنعت میں ایک انقلاب برپا کر دیا۔ اسی ایجاد کی بدولت اب سینکڑوں میوزک ٹریک ایک چھوٹے سے موبائل فون میں اسٹور کیے جا سکتے ہیں۔
برقی قوت کی مشین
ڈائنامو الیکٹرک اصول کافی عرصے سے دریافت کیا جا چکا تھا لیکن ویرنر فان سیمنز نے سن 1866 میں پہلی مرتبہ اس اصول کو مشین پر منطبق کیا۔ یوں ایک مقناطیس اور کوائلڈ تار کی مدد سے نہ صرف بجلی پیدا کرنا آسان ہو گیا بلکہ اس کی تمام ملک میں فراہمی بھی ممکن ہو گئی۔ اسی ایجاد کے باعث سیمنز کمپنی دنیا بھر میں مشہور ہوئی اور آج کل الیکٹرانکس مصنوعات میں اس کا ایک الگ مقام ہے۔
کمپیوٹر
پہلا کمپیوٹر سن 1941 میں جرمن انجنیئر کونراڈ سُوزے نے تخلیق کیا تھا۔ Z3 نامی یہ کمپیوٹر کپٹروں کی تین بڑی الماریوں جتنا بڑا تھا لیکن یہ صرف چار بنیادی حسابی آپریشن کرنے کے قابل تھا۔ یہ نہ صرف دُنیا کا پہلا کمپیوٹر تھا، جسے پروگرام کیا جا سکتا تھا بلکہ یہ دُنیا کا وہ پہلا آلہ بھی تھا، جسے صفر اور ایک کے بائینری سسٹم کے مطابق تیار کیا گیا تھا۔ اِس کی ذخیرہ کرنے کی استعداد صرف 64 الفاظ تک محدود تھی۔