پاک افغان سرحد کے قریب جھڑپ میں آٹھ طالبان، ایک فوجی ہلاک
6 اپریل 2023پاکستانی فوج اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مابین پاک افغان سرحد کے قریب ایک جھڑپ میں آٹھ طالبان شدت پسندوں اور ایک فوجی اہلکار سمیت نو افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ جھڑپ آج جمعرات چھ اپریل کو اس واقعہ کے ٹھیک ایک ہفتے بعد ہوئی، جس میں طالبان نے اسی علاقے میں کیے گئے ایک بم دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
جمعرات کو فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان اس وقت شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جب فوجیوں نے رات گئے جنوبی وزیرستان ضلع میں طالبان کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
پاکستان میں تصادم کے دوران ایک بریگیڈیئر سمیت پانچ فوجی ہلاک
پاکستانی فوج نے جنوری میں پشاور شہر میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے اندر مسجد پر ایک طالبان خودکش بمبار کے حملے میں کم از کم 84 افراد کی ہلاکت کے بعد سے تحریک طالبان پاکستان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مسجد پر ہونے والے اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار تھے۔
پاکستانی طالبان کئی دہائیوں کے تشدد میں لگ بھگ 80 ہزار افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔ پاکستانی فوج نے تحریک طالبان کے خلاف 2014ء میں ایک فوجی کارروائی کر کے انہیں افغان سرحد پر ان کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں سے پیچھے دھکیل دیا گیا تھا لیکن ٹی ٹی پی کے ارکان افغان طالبان کے ہاتھوں کابل حکومت کے خاتمے کے بعد پاکستان میں کارروائیوں کے لیے دوبارہ اکٹھے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ش ر/اب ا (ڈی پی اے)