1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاک فضائیہ کا جیٹ طیارہ کریش، پائلٹ ہلاک

24 ستمبر 2016

پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں ملکی فضائیہ کا ایک ایف سیون طیارہ ٹریننگ مشن کے دوران کریش کر گیا۔ پاکستان کے فوجی ذرائع کے مطابق حادثے میں طیارے کا پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2QYIw
Bildergalerie die schnellsten Flugzeuge der Welt
تصویر: AFP/Getty Images/R. Rahman

خبر رساں ادارے روئٹرز کی اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا ایف سیون طیارہ درہ خیبر کے نزدیک جمرود کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ ملکی فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں طیارے کا پائلٹ لیفٹینٹ عامر شہزاد ہلاک ہو گیا۔

حادثے کے فوراﹰ بعد امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئی تھیں۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے طیارہ گرنے کے باعث کوئی سویلین ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ پاکستانی فوج نے اس حادثے کا سبب جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران پاکستانی ایئر فورس کو مختلف حادثوں کا سامنا رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں پاکستانی فضائیہ کی خاتون پائلٹ مریم مختیار بھی ایک ٹریننگ مشن کے دوران طیارہ کریش ہونے کے باعث ہلاک ہو گئی تھیں۔

Pakistan Pilotin Marium Mukhtiar
گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں پاکستانی فضائیہ کی خاتون پائلٹ مریم مختیار بھی ایک ٹریننگ مشن کے دوران طیارہ کریش ہونے کے باعث ہلاک ہو گئی تھیںتصویر: Reuters/Pakistan Air Force

مئی 2015ء میں پاکستانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر میں مختلف ممالک کے سفیر سوار تھے جنہیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ایک سیاحتی مقام پر لے جایا جا رہا تھا۔ اس حادثے میں ناروے اور فلپائن کے سفیروں سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ برس اگست کے مہینے میں پاکستانی فوج کا ایک اور ہیلی کاپٹر مانسہرہ کے قریب کریش کر گیا تھا۔ یہ ہیلی کاپٹر ایئر ایمبولنس کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور اس حادثے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔