پاکستان، آئل ٹینکر میں دھماکہ، سولہ افراد ہلاک
21 مئی 2011پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں واقع لنڈی کوتل کے قریب پیش آنے والے اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے ایک اعلیٰ مقامی اہلکار سفیر اللہ وزیر نے بتایا، ’ایک چھوٹے سے بم حملے کے نتیجے میں ٹینکر میں آگ لگی تھی‘۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات اس ٹینکر کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم صبح کے قریب اس میں لگی آگ بجھ گئی اور آس پاس کے دیہات سے لوگ اس متاثرہ ٹینکر سے بہتا ہوا تیل جمع کرنے کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی، تو ٹینکر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف کے مطابق اس واقعہ میں چار کم عمر لڑکے بھی جھلس کے ہلاک ہو گئے،’ اچانک ہی آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں چار بچوں سمیت کل سولہ افراد جل کر ہلاک ہو گئے‘۔
دوسری طرف طورخم میں بھی نیٹو کے گیارہ ٹینکرز کو تباہ کر دیا گیا۔ مقامی اعلیٰ اہلکار اقبال خٹک نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان واقعات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ گزشتہ رات ہونے والے اس حادثے میں شاید ریموٹ کنٹرول بم استعمال کیا گیا،’ شاید کسی ایک ٹینکر کے ساتھ ریموٹ کنٹرول بم نصب کر دیا گیا تھا‘۔
خٹک نے تصدیق کی کہ گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے دو مختلف واقعات میں کل بارہ ٹینکرز کو تباہ کر دیا ہے۔ ابھی تک کسی نے بھی ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم ماضی میں نیٹو کے ٹینکرز کو تباہ کرنے پر طالبان باغیوں نے کئی مرتبہ ذمہ داری قبول کر رکھی ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عاطف توقیر