1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: اقوام متحدہ کی ایک سو ساٹھ ملین ڈالر کی فوری اپیل

30 اگست 2022

اقوام متحدہ نے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنے والے پاکستان کے لیے ایک سو ساٹھ ملین ڈالر کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔ پاکستان میں سیلابوں سے تینتیس ملین شہری متاثر ہوئے ہیں اور اب تک گیارہ سو افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4GDGd
تصویر: Fida Hussain/AFP/Getty Images

کئی ہفتوں کی ریکارڈ حد تک زیادہ مون سون کی بارشوں کے بعد جنوبی ایشیا کے اس ملک کو ان دنوں جن وسیع تر سیلابوں کا سامنا ہے، ان کی وجہ سے پورے ملک کا تقریباﹰ ایک تہائی حصہ زیر آب آ چکا ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں مکانات پوری طرح یا جزوی طور پر منہدم بھی ہو چکے ہیں جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

مادی نقصانات کی مالیت کم از کم بھی دس بلین ڈالر

پاکستان میں ایک بڑی قدرتی آفت بن جانے والے ان سیلابوں کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے جبکہ سیلاب اب تک تقریباﹰ 33 ملین پاکستانیوں کو بری طرح متاثر کر چکے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر ساتواں پاکستانی شہری اس آفت کے ہولناک نتائج کا سامنا کر رہا ہے۔

پاکستان کے سیلاب متاثرین سے مودی کا اظہار یکجہتی اور امداد پہنچانے پر غور

اقوام متحدہ نے منگل تیس اگست کے روز اپنی ایک اپیل میں کہا کہ پاکستان میں سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے باعث مادی نقصانات کی مالیت کا ابتدائی تخمینہ کم از کم بھی 10 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس عالمی ادارے کے مطابق بین الاقوامی برادری کا فرض ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں پیدا شدہ حالات میں غیر معمولی حد تک تباہی کا سامنا کرنے والے پاکستان کی کھل کر مدد کی جائے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ذاتی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اسلام آباد اور جنیوا سے اس اپیل کا بیک وقت اجرا کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ''پاکستان کو اس وقت شدید مصائب اور بے شمار مشکلات درپیش ہیں۔ پاکستانی عوام کو کئی ہفتوں تک مون سون کی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں وسیع تر سیلابوں اور تباہی کا سامنا ہے۔‘‘

پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب

انٹونیو گوٹیرش نے کہا کہ اس جنوبی ایشیائی ملک میں کئی ملین شہریوں کے گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اسکولوں اور صحت عامہ کے مراکز کے کی تباہی کے علاوہ کروڑوں لوگ اپنے روزگار سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ہزارہا عمارات بھی تباہ ہو گئی ہیں اور سینکڑوں پل بھی سیلابی ریلوں میں بہہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تکلیف دہ حالات میں پاکستان اور پاکستانی عوام کو عالمی برادری کی اجتماعی، ترجیحی اور فوری مدد کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، بین الاقوامی امداد پہنچنا شروع

ایک سو ساٹھ ملین ڈالر کی فوری امداد کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے لیے 160 ملین ڈالر کی امدادی رقوم فراہم کرنا چاہییں۔ ان کے مطابق ان رقوم سے 5.2 ملین پاکستانی متاثرین کے لیے خوراک، پینے کے صاف پانی اور صحت عامہ کی بنیادی سہولیات کے لیے انتظامات کیے جا سکیں گے۔

پاکستان: تباہ کن سیلاب کے دوران آئی ایم ایف کا ایک ارب سے زائد کا قرضہ دینے کا اعلان

انٹونیو گوٹیرش نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کی مدد میں ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کرنا چاہیے کیونکہ بہت ہلاکت خیز اور انتہائی تباہ کن سیلابوں سے 33 ملین سے زائد پاکستانی شہری متاثر ہوئے ہیں اور یہ تعداد تقریباﹰ 220 ملین کی آبادی والے اس ملک کی آبادی کے 15 فیصد سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

انہوں نے کہا، ''آئیے، ضرورت کے اس لمحے میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں اور اس حقیقت کو نظر انداز کرنا بھی فوری طور پر بند کر دیں کہ ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کو تباہ کرتی جا رہی ہیں۔‘‘

م م / ک م (روئٹرز، اے پی)