1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور امارات اب اقتصادی پارٹنرشپ کے نئے دور میں، کاکڑ

28 نومبر 2023

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔ نگران پاکستانی وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے مطابق یہ عمل دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی شراکت داری کے ایک نئے دور کا نقیب ہو گا۔

https://p.dw.com/p/4ZW0q
انوارالحق کاکڑ یو اے ای کے تین روزہ دورے پر اتوار کو ابوظہبی پہنچے تھے
انوارالحق کاکڑ یو اے ای کے تین روزہ دورے پر اتوار کو ابوظہبی پہنچے تھےتصویر: Senate of Pakistan/REUTERS

پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے پیر کے روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور مالی تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں سے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

کاکڑ نے یہ بات اپنے تین روزہ دورہ یو اے ای کے دوران مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخطوں کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہی۔

متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی امداد دینے کی تصدیق کر دی، وزیر خزانہ

انوارالحق کاکڑ نے پیر کی رات ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ابوظہبی میں ''پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ''متحدہ عرب امارات کے ساتھ 1970 کی دہائی میں قائم کی گئی دوستی شیخ محمد بن زید النہیان کی قیادت میں اب ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔‘‘

پاکستان چین پر'اندھا اعتماد کرتا ہے'، انوارالحق کاکڑ

اسی دوران پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا، ''متحدہ عرب امارات اٹھارہ لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے، جو دونوں برادر ملکوں کے درمیان ترقی، خوشخالی اور اقتصادی بہتری میں تعاون کر رہے ہیں۔‘‘

پاکستانی معیشت پر مثبت معاشی اثرات

انوارالحق کاکڑ یو اے ای کے تین روزہ دورے پر اتوار کو ابوظہبی پہنچے تھے۔ انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کے بعد کہا کہ ان کا یہ دورہ اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ''پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور اسٹریٹیجک تعاون کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔‘‘

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے توانائی، پورٹ آپریشن کے منصوبوں، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

اسلام آباد میں پی ایم او کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ''یہ ایم او یوز متحدہ عرب امارات سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریں گے اور پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے مختلف اقدامات کو عملی شکل دینے میں مدد کریں گے۔‘‘

پاکستانی وزیر اعظم کی متحدہ عرب امارات سے مالی امداد کی درخواست

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا، ''یہ ٹھوس منصوبے آنے والے دنوں میں پاکستانی معیشت پر نمایاں طور پر مثبت معاشی اثرات مرتب کریں گے۔‘‘

پاکستان کے نگران وزیر اعظم کویت اور دبئی بھی جائیں گے۔ کویت میں وہ  ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح اور وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ دبئی میں وہ یکم اور دو دسمبر کو ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ سی او پی 28 میں بھی شرکت کریں گے۔

ج ا / م م (نیوز ایجنسیاں)