1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اعلیٰ سطحی ملاقات

احمد ولی اچکزئی13 مارچ 2009

چیک ریپبلک کے دارلحکومت پراگ میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ایک اعلی سطح کی ملاقات ہورہی ہے. یہ ملاقات جسے ٹرویکہ بھی کہتے ہیں جمعہ کی صبح شروع ہوئی ۔

https://p.dw.com/p/HBYD
پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اس ملاقات میں پاکستانی وفد کی ساتھ ساتھ یورپی یونین کے اعلی سطح کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

برسلز میں پاکستانی سفارت کی کونسلر محترمہ مبشرہ باجوہ نے ڈویچے ویلے کو بتایا: ’’یہ منسٹیریل ٹرویکہ ہے اور اس میں پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کررہے ہیں۔‘‘

یورپی یونین کی جانب سے وفد میں یونین کے خارجہ اموراور تعلقات کی کمشنر محترمہ بونيٹا فیریرو والڈنر، یونین کے جنرل سیکرٹریٹ پالیسی یونٹ کی ڈائریکٹر ہیلگاشمٹڈ اور دیگر اعلٰی عہدے داربھی شریک ہیں۔ میزبان ملک چیک کی وزیرخارجہ محترمہ کاریل شوارسنبیرگ بھی اس ملاقات میں موجود ہیں۔

اس ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں مبشرہ باجوہ نے کہا: ’’ خطے کے سیاسی، معاشی اور سلامتی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔ جیسا کہ پاکستان بہت عرصے سے کہتا آ رہا ہے کہ خطے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے خطے کے تمام ممالک کو ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے، تو اس ملاقات میں یہ موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ خطے میں سلامتی اور امن کے فروغ کے لئے پاکستان کے کردار اور اہمیت پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ سلامتی کے موضوع میں پاکستان کی ضروریات اور اس کی تجاویز اہم موضوع رہیں گی۔ اب اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ خطے میں پاکستان کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ پاکستانی وفد اس بات پر بھی زور دے گا کہ خطے میں سلامتی کے لئے چین ایران اور دیگر ممالک کو ساتھ لے کر چلنا بہت ضروری ہے۔‘‘

‍یہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی جب پاکستان اندرونی مسائل کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل سے بھی دوچارہے اور ملک کے وکلاء اور سول سوسائٹی کے ممبران لانگ مارچ میں مصروف ہیں۔کچھ دن پہلے ہی جرمنی کے وزیر دفاع فرانز یوزف یُنگ نے اپنے دورہ افغانستان کے دوران خطے کی سلامتی کے سلسلے میں پاکستان کے کردار اور اہمیت پر زور دیاتھا۔