1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان بحریہ کی امن مشقوں کا آغاز ہو گیا

بینش جاوید
10 فروری 2017

پاک بحریہ کی کثیرالقومی مشقیں ’امن-17‘ بحیرہ عرب میں شروع ہو گئی ہیں۔ یہ مشقین آج جمعہ 10 فروری سے  14 فروری تک جاری رہیں گی۔  ان مشقوں میں 37 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2XJWC
US Kriegsschiff USS Mason der US Navy
تصویر: Imago/ZumaPress

پاکستان بحریہ کی ویب سائٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق ان ممالک میں سے آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، برطانیہ، امریکا، جاپان اور روس اپنے بحری ساز وسامان کے ساتھ ان مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، ’’بحری دستوں کی پاکستان آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان مشقوں میں حصہ لینے والے دستے کئی بحری آپریشنوں میں حصہ لیں گے تاکہ باہمی تعاون  اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘ 

 پاکستانی بحریہ کے کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان مشقوں میں امریکا، روس اور چین سمیت دیگر کئی ممالک کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مشقوں سے ایک دوسرے کے تجربے سے سیکھنے کو موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد بحری خطرات سے نمٹنا اور بین الاقوامی سطح پر بحری فورسز کے درمیان ہم آہنگی اور روابط پیدا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران روس اور پاکستان دوسری مرتبہ جنگی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے لکھا ہے کہ بھارت میں اسے معمول کی بات سمجھی جا رہی ہے۔