پاکستان دبئی ٹیسٹ ہار گیا، سیریز برابر
26 اکتوبر 2013دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے آج کھیل کے چوتھے روز پاکستان کو دوسری اننگز میں 326 کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقہ ہی کے اے بی ڈویلیئرز کو دوٹیسٹ میچوں کی سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز اسد شفیق نے بنائے۔ وہ 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا بڑا اسکور کپتان مصباح الحق نے کیا، جو 88 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کامیاب ترین باؤلر ژاں پال ڈومینی رہے، جنہوں نے 67 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ اٹھانوے رنز دے کر تین ہی کھلاڑی پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر نے آؤٹ کیے۔ اس طرح عمران طاہر نے اس میچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران انہوں نے 32 رنز کے بدلے پانچ کھلاڑیوں کو پیولین کی راہ دکھائی تھی۔
پاکستان نے آج اپنی دوسری اننگز کا آغاز 132 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا اور اسد شفیق اور مصباح الحق نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی طور پر 197 رنز کا اضافہ کیا۔ پھر چائے کے وقفے سے پہلے ہی مصباح الحق ڈین ایلگر کی ایک گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
آج کے میچ میں کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ، اپنے اس ریکارڈ کو بھی برقرار رکھنے میں کامیاب رہا کہ اُسے گزشتہ سات برسوں کے دوران اپنے ملک سے باہر کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں اٹھانا پڑی ہے۔ سات سال پہلے جنوبی افریقہ کو 2006ء میں سری لنکا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس ٹیسٹ میچ میں اسکور یہ رہا: پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 99 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 517 رنز بنائے۔ اس طرح جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 418 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے اس اسکور میں کپتان گریم اسمتھ کی شاندار ڈبل سنچری بھی شامل تھی۔ انہوں نے 234 رنز بنائے۔ دوسرا بڑا اسکور اے بی ڈی ویلیئرز کا تھا، جنہوں نے 164 رنز بنائے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 338 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، جو کہ جنوبی افریقی ٹیم کے لیے ایک نیا ریکارڈ بھی تھا۔ پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین باؤلر سعید اجمل رہے، جنہوں نے 151 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔
ابو ظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ پاکستان نے سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ اب دونوں ٹیمیں محدود اوورز کی سیریز کھیلیں گی۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز تیس اکتوبر سے شروع ہو گی۔ پہلا ایک روز میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی کے میچ کھیلے جائیں گے۔