1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سے انسانی حقوق کے لیے مزید اقدامات کا امریکی مطالبہ

31 دسمبر 2010

امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان سے مختلف شعبوں میں اکثر ’Do More‘ کا مطالبہ سامنے آتا رہتا ہے۔ اس سلسلےمیں ایک تازہ رپورٹ میں امریکی وزارت خارجہ نےکہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال بہت بہتر نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/zs0G
تصویر: AP GraphicsBank

امریکی وزارت خارجہ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی تو ہے لیکن بہت معمولی سی اور اسلام آباد کو اس بارے میں مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ امریکی کانگریس کے کہنے پر تیار کی جانے والی اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکہ پاکستان میں اس شعبے کی نگرانی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

رواں برس کچھ ایسی ویڈیوز منظرعام پرآئی تھیں، جن میں پاکستانی فوج کی یونیفارم پہنے ہوئے افراد کو نہتے افراد پر گولیاں برساتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد پہلی مرتبہ صدر باراک اوباما نے امریکہ کی جانب سے پاکستانی فوج کے کچھ شعبوں کو دی جانے والی تربیت روک دینے کا حکم دیا تھا۔

Obama Afghanistan USA Pakistan
اکتوبر 2010 میں پہلی مرتبہ صدر باراک اوباما نے امریکہ کی جانب سے پاکستانی فوج کے کچھ شعبوں کو دی جانے والی تربیت روک دینے کا حکم دیا تھاتصویر: AP

نومبرکے اواخر میں تیار کی گئی امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی تیار کردہ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’معمولی سے پیش رفت تو ہوئی ہے لیکن پاکستان کو اس وقت بھی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے حوالے سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے‘۔ مزید یہ کہ امریکی وزارت خارجہ مسلسل پاکستان میں فوجی اور شہری حلقوں پر دباؤ ڈالتی رہتی ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیں اور قتل کی ماورائے عدالت وارداتوں کو روکیں۔ ساتھ ہی لاپتہ افراد کے معاملے کی تحقیقات تک ہر طرح کی رسائی کو ممکن بنایا جائے۔

یہ رپورٹ سب سے پہلے اخبار نیویارک ٹائمز نے شائع کی تھی۔ اس میں خاص طور پر صوبہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2010ء کے دوران وہاں صورتحال مزید تشویشناک ہوئی ہے اورعلیحدگی پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ غیر سرکاری تنظیموں کے مطابق صوبہ بلوچستان میں ہزاروں افراد اس وقت بھی لاپتہ ہیں اور اسی طرح سینکڑوں مقدمے تعطل کا شکار ہیں۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان میں لاپتہ ہونے والے افراد کے مقدمے میں پاکستانی سپریم کورٹ کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کو سراہا ہے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسلام آباد حکام سے 40 بلوچ رہنماؤں کے قتل کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان افراد کومبینہ طور پر تشدد کر کے ہلاک کیا گیا۔2001ء کے حملوں کے بعد سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا ایک اہم حلیف ہے لیکن ساتھ ہی ان دونوں ممالک کا یہ ساتھ بہت ہی پیچیدہ بھی ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: مقبول ملک