پاکستان: مشرق وسطیٰ کے بینکوں سے ایک بلین ڈالر کا قرضہ منظور
22 جنوری 2025پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منگل کو خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے دو مالیاتی اداروں سے ایک بلین ڈالر کے قرضے کی شرائط کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کی پاکستان کے لیے 10 سال میں 20 بلین ڈالر کی فنڈنگ کا منصوبہ
انہوں نے کہا کہ چھ سے سات فیصد کی شرح سود والے قرضوں میں ایک سال تک کی ادائیگی کی مدت کے ساتھ دو طرفہ اور تجارتی مالیاتی معاہدے شامل ہیں۔
پاکستان اس وقت مختلف ملکوں اور اداروں سے مزید مالی امداد کی تلاش میں ہے۔
اورنگزیب نے کہا، "اب ہم دو اداروں کے ساتھ معاہدے کی شرائط پر دستخط کرنے میں آگے بڑھے ہیں، اس میں ایک دو طرفہ اور دوسرا تجارت (فنانس) ہے"۔
اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا مقصد ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ سنگل بی ریٹنگ کی طرف بڑھنے پر بات کرنا ہے، اور امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا، "مثالی طور پر میں یہ سوچنا چاہوں گا کہ ہمارا مالی سال، جوآئندہ جون ہے، ختم ہونے سے پہلے اس سمت میں کچھ پیش رفت ہو سکتی ہے۔"
آبادی، مہنگائی اور جی ڈی پی، پاکستان پانچ سال بعد کہاں کھڑا ہو گا؟
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر نے اگست میں روئٹرز کو بتایا تھا کہ پاکستان کا مقصد اگلے مالی سال تک مشرق وسطیٰ کے کمرشل بینکوں سے چار بلین ڈالر تک رقم اکٹھا کرنا ہے۔
اورنگزیب نے کہا کہ قرضے قلیل مدتی یا ایک سال تک کے لئے ہیں۔
معاشی حالات بہتر ہونے کی امید
یہ قرضے ایسے وقت ملے ہیں جب پاکستان مشکل معاشی حالات، بشمول کرنسی کی قدر میں کمی اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کے درمیان کے درمیان اپنی مالی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ توقع ہے کہ نئے معاہدوں سے عارضی راحت ملے گی۔
آئی ایم ایف کو امید ہے کہ پاکستان 7 بلین ڈالر کا آئی ایم ایف بیل آؤٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے مالیات میں اضافہ کرے گا، جس کا پہلا جائزہ فروری میں مقرر کیا گیا ہے۔
اورنگزیب نے کہا، "ہمارے پاس ای ایف ایف (توسیع شدہ فنڈ سہولیات) کا پہلا باضابطہ جائزہ فروری کے آخر تک ہو رہا ہے۔ اور مجھے لگتا ہے کہ ہم اس جائزے کے لئے بہتر پوزیشن میں ہیں۔"
اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد آر ایس ٹی فنانسنگ پر بات چیت کو آگے بڑھائے گا جب آئی ایم ایف مشن ای ایف ایف پروگرام کے پہلے جائزے کے لیے پاکستان جائے گا۔
پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیر خزانہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "اگلے پانچ سے چھ ماہ میں ہمیں اچھے نتائج کی طرف جانا چاہیے۔" انہوں نے یورپی یونین ایوی ایشن ریگولیٹر کی جانب سے ایئر لائن پر سے ساڑھے چار سال کی پابندی ہٹانے کے بعد بہتر کاروباری امکانات کا حوالہ دیا۔ اس ماہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔
ج ا ⁄ ص ز (روئٹرز)