پاکستان میں انسدادِ دہشتگردی کے قانون میں ترمیم منظور
3 جولائی 2014پاکستانی پارلیمنٹ میں بدھ کے روز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے منظور ہونے والے قانون کے تحت اب کسی بھی مشتبہ شخص کو سکیورٹی فورسز کے ادارے کم از کم ساٹھ ایام کے لیے خفیہ انداز میں بغیر کسی عدالتی حکم کے حوالات میں پابند کرنے کے مجاز ہوں گے۔ پہلے یہ مدت 90 دن رکھی گئی تھی۔ اس قانون کو جب تجویز کیا گیا تھا تو پاکستان کے انسانی حقوق کے اداروں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تین ماہ سے دو ماہ تک پوچھ گچھ کے لیے کسی بھی مشتبہ شخص کو حراست میں رکھنا خاصا ظالمانہ ہو سکتا ہے کیونکہ اس کی زد میں معصوم اور بےگناہ لوگ بھی آ سکتے ہیں۔
نئی ترامیم رواں برس منظور ہونے والے تحفظِ پاکستان قانون (Protection of Pakistan Bill 2014) میں کی گئی ہیں۔ پہلے اِس قانون کے تحت دہشت گردی کرنے والے مبینہ ملزم کو الزامات ثابت ہونے کی صورت میں دس برس کی قید سنائی جا سکتی تھی، جو اب بڑھا کر 20 برس کر دی گئی ہے۔ پہلے یہ قانون اِسی سال اپریل میں منظور کیا گیا تھا۔ اُس وقت بھی اِس قانون سازی پر اپوزیشن جماعتوں اور انسانی حقوق کے اداروں نے حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔ نواز شریف حکومت کے ایک وزیر زاہد حامد کے مطابق یہ قانون شمالی وزیرستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب موجود عسکریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار مسلح افواج کو بھی قانونی تحفظ فراہم کرے گا۔
اِس قانون کے تحت سکیورٹی فورسز کو خاصے وسیح اختیار حاصل ہو گئے ہیں اور اُس میں دہشت گردی کا ارتکاب کرنے یا امکاناً ایسی کارروائی کرنے کی کوشش والے کو موقع پر گولی سے مار دینا بھی شامل ہے۔ اس شِق پر بھی اپوزیشن اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور اداروں نے خاصا شور مچایا تھا۔ اب نئی ترامیم کے بعد پولیس یا سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران کے پاس گولی مارنے کا اختیار صرف آخری حد پر حاصل ہو گا۔ اِس قانون میں ترمیم ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب شمالی وزیرستان میں فوج نے فضائیہ کی مدد سے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن عَضب شروع کر رکھا ہے۔
پاکستان کے آزاد انسانی حقوق کے ادارے (HRCP) کی خاتون چیرمین زہرا یوسف کا کہنا ہے کہ قانون کو منظور تو کر لیا گیا ہے لیکن اب بھی زبردستی غائب کر دیے جانے والے افراد کے حوالے سے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ زہرا یوسف کے مطابق پاکستانی پارلیمنٹ کے اراکین نے سابقہ قانون میں بظاہر چند تبدیلیاں ضرور کی ہیں لیکن اب بھی کمیشن سکیورٹی فورسز کو کسی بھی مشتبہ شخص کو ساٹھ دن کے لیے مقید کرنے پر شدید تحفظات رکھتا ہے۔