1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ایک اور سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘

6 جولائی 2024

پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک نئی سیاسی جماعت ’عوام پاکستان‘ متعارف کرا دی ہے۔ یہ دونوں رہنما پاکستان مسلم لیگ ن سے ناراض ہونے والے سیاستدانوں میں شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/4hy1k
پاکستان کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل
تصویر: PPI/ZUMAPRESS/picture alliance

پاکستان مسلم لیگ کے سابق رہنما شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے آج ہفتہ چھ جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں اپنی نئی جماعت کو متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا کہ  اس جماعت میں کوئی بھی شامل ہو سکتا ہے۔

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کافی عرصے سے ایک ایسی پارٹی کے قیام کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں جو ملک کو شدید بحرانی صورتحال سے نکال سکے۔ گزشتہ ماہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک عوام پاکستان نامی جماعت کے اکاؤنٹ سے 'عوام پاکستان، بدلیں گے نظام‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کی گئی۔ اس ویڈیو میں لوگوں کومختلف قومی مسائل کے بارے میں سوالات کرتے دکھایا گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل دونوں نے اس ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹس سے ری شیئر کیا تھا۔

مفتاح اسماعیل
مفتاح اسماعیل کے مطابق، ''اگر آپ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔۔۔ تو ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں اور ہم پاکستان کی تعمیر نو کے لیے آپ کے ساتھ  ہوں گے۔‘‘تصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں کہنا تھا کہ اس جماعت کا مقصد تمام پاکستانیوں کو برابری کی بنیاد پر معاشی مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان موروثی سیاست کو فروغ نہیں دے گی۔

مفتاح اسماعیل کے مطابق، ''اگر آپ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔۔۔ تو ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں اور ہم پاکستان کی تعمیر نو کے لیے آپ کے ساتھ  ہوں گے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی سینیئر پارٹی رہنما دو مدتوں سے زیادہ اس جماعت میں خدمات انجام نہیں دے گا۔

ا ب ا/ک م (مقامی میڈیا)