1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی

3 دسمبر 2011

بنگلہ دیش کے دورے پر گئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 262رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم ہدف کے حصول میں ناکام رہی۔

https://p.dw.com/p/13M4o
مصباح الحقتصویر: DW

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ آج ڈھاکہ میں کھیلا گیا۔ میچ جیتنے کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم کو 263 ٹارگٹ دیا گیا تھا۔ یہ ٹارگٹ میزبان ٹیم کے لیے بہت مشکل ثابت ہوا۔ ابتدائی کھلاڑیوں کی اننگز کسی طور مناسب نہیں تھی۔ پہلے چار کھلاڑی صرف انیس کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ اور عمر گل نے ابتدائی اوورز ہی میں میزبان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ تمیم اقبال، امرالقیس، شہریار نفیس اور مشفق الرحیم دوہرے اسکور میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ شکیب الحسن اور ناصر حسین نے سست رفتاری کے ساتھ اننگز جاری رکھی۔ پچاس اوورز میں ٹیم سات وکٹوں پر 186 رنز بنا سکی۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے بعد میں آنے والے کھلاڑی پچاس اوورز کو مکمل کرنے میں مصروف رہے۔ بیس سالہ ناصر حسین اس میچ میں ایک روزہ میچوں میں پہلی سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کو عمر گل نے آؤٹ کیا۔ عمر گل سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہیں چار وکٹیں حاصل ہوئیں۔ شاہد آفریدی اس میچ میں اپنی بالنگ کا جادو دکھانے سے قاصر رہے۔

Pakistan Sport Cricket Misbah ul Haq
پاکستانی ٹیم بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہےتصویر: DW

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کے اوپنر عمران فرحت بہت جلد آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں محمد حفیظ اور یونس خان نے ٹیم کو قدرے سنبھالا۔ حفیظ اور یونس بہت زیادہ لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ دونوں بالترتیب 32 اور 37 رنز بنا سکے۔ مصباح الحق اور عمر اکمل کے درمیان تراسی رنز کی شراکت نے ٹیم کے اسکور کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مصباح اور عمر اکمل نے تیرہ اوورز کھیلے۔ عمر اکمل چون گیندوں پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مصباح الحق 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک ایک بار پھر بیٹنگ میں مناسب کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے اور وہ صرف سترہ رنز بنا سکے۔ شاہد آفریدی نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگ کھیلی۔ وہ 27 گیندوں پر 42 رنز بنا سکے۔ انہوں نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 39 اضافہ کیا۔

پہلے ایک روزہ میچ کے مقابلے میں آج کی پچ بالکل مختلف تھی۔ ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں میزبان ملک کی ٹیم صرف اکیانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کو جیت حاصل ہوئی تھی۔ اسپنرز سُست پچ پر بہتر بالنگ کروانے میں کامیاب رہے تھے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں