پاکستان ورلڈ کپ میں شریک ہو گا یا نہیں، وفد بھارت روانہ
7 مارچ 2016دوسری طرف ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فلاپ ہونے کے بعد سلیکٹرز نے اوپنر احمد شہزاد کو طلب کر لیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی طور پر چنے گئے 15 کھلاڑیوں میں احمد شہزاد شامل نہیں تھے۔
بھارت میں شدت پسند ہندو تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں کہ وہ ملک میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گی۔ دارالحکومت نئی دہلی میں صوبائی حکومت بنانے والی عام آدمی پارٹی نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت کی کسی بھی ریاست میں میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاکستان کی طرف سے اس ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے متعدد مرتبہ تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور آج پیر کے روز بھارت روانہ ہونے والے وفد کے دورے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ ہو سکے گا کہ پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی یا نہیں۔
بھارت اور پاکستان نے سفارتی تناؤ کے باعث گزشتہ تین برسوں سے کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستانی کرکٹ بورڈ کے ایک سینیئر اہلکار نے وفد کی روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد منگل آٹھ مارچ کو وطن واپس لوٹے گا۔
قبل ازیں پاکستانی وزیر داخلہ نثار علی خان کی طرف سے ہفتہ پانچ مارچ کو کہا گیا تھاکہ ٹیم صرف اُسی صورت میں روانہ ہو گی جب سکیورٹی کے حوالے سے مثبت رپورٹ سامنے آئے گی۔ اگر پاکستانی وفد سکیورٹی کو کلیئر کر دیتا ہے تو ٹیم بدھ نو مارچ کو بھارت روانہ ہو جائے گی۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر راؤنڈ میں جیتنے والی ٹیم کے ساتھ 16 مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کا میچ 19 مارچ کو دھرم شالہ میں ہو گا۔ کوالیفائر راؤنڈ کل منگل آٹھ مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔
احمد شہزاد کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے فیصلے کا اعلان پاکستانی چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’ہم نے شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں اس لیے شامل کیا ہے کیونکہ خرم منظور کو شامل کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور میں اس کی مکمل ذمہ داری لیتا ہوں۔‘‘
خیال رہے کہ خرم منظور نے ایشیا کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مجموعی طور پر محض 11 رنز اسکور کیے تھے۔ ایشیا کپ میں پاکستان صرف متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کو ہرانے میں کامیاب ہوا تھا۔ بنگلہ دیش میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کا فائنل بھارت اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا جس کا فاتح بھارت رہا تھا۔