پاکستان کا کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے کا اعلان
19 جولائی 2019پاکستانی حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پاکستان کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستانی قانون کے مطابق سفارتی رسائی فراہم کرے گا جس کے لیے تفصیلات پر کام ہو رہا ہے۔‘‘
ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی عدالت نے بدھ 17 جولائی کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان سے کہا تھا کہ وہ اس سابق بھارتی نیوی افسر تک قونصلر رسائی دے اور ایک پاکستانی فوجی عدالت کی طرف سے اسے جاسوسی کے الزام میں سنائی گئی سزائے موت پر 'مؤثر نظر ثانی‘ کرے۔ اس کے علاوہ یہ یادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد کو اس دوران روکے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016ء میں پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بلوچستان میں علیحدگی پسند اکثر و بیشتر عام افراد اور سکیورٹی فورسز کے خلاف مسلح کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ کلبھوشن کو جاسوسی اور سبوتاژ کے الزامات عائد کرتے ہوئے سزائے موت سنائی گئی تھی۔
بھارت کا دعویٰ ہے کہ یادیو بے قصور ہے اور یہی موقف لے کر اس نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا کہ بھارتی بحریہ کے اس سابق کمانڈر کو پاکستان میں مناسب قانونی کارروائی فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی اس تک سفارتی رسائی کی اجازت دی گئی ہے۔
پاکستان نے عالمی عدالت انصاف میں یہ استدلال دیا تھا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان موجود ایک معاہدے کے مطابق جاسوسی کے شبے میں گرفتار کسی شخص کو سفارتی رسائی فراہم کرنا لازمی نہیں ہے۔
تاہم دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف کی طرف سے سنائے گئے فیصلے کو پاکستانی حکام نے مثبت قرار دیا تھا کیونکہ اس میں کلبھوشن یادیو کی رہائی یا اس کے خلاف مقدمات ختم کرنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا تھا۔
ا ب ا / ع ح (روئٹرز)