پاکستان کے لئے امریکی فوجی امداد، بھارت کو شدید تشویش
26 جولائی 2010اس سلسلے میں بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دہلی کی طرف سے اس بارے میں اس کی تشویش سے امریکہ میں قومی سلامتی کے مشیر جیمز جونز اور امریکی افواج کے چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف ایڈمرل مائیک مولن کو اس وقت آگاہ بھی کر دیا گیا تھا، جب انہوں نے ابھی حال ہی میں بھارت کا دورہ کیا۔
بھارتی وزیر دفاع انتھونی نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی دہلی کی نظر میں پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واشنگٹن کی طرف سے جو فوجی ساز و سامان مہیا کیا جا رہا ہے، وہ اس سے کہیں زیادہ ہے، جس کی کہ اسلام آباد کو ضرورت ہو سکتی ہے۔
اے کی انتھونی کے بقول: ’’نئی دہلی پاکستان کو دئے جانے والے اس فوجی ساز و سامان کے بارے میں واضح تحفظات رکھتا ہے اور اس طرح کے بہت حساس عسکری آلات اور فوجی ساز و سامان کا پاکستان کو دیا جانا نئی دہلی کے لئے خطرے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔‘‘
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اے کے انتھونی نے کہا کہ یہ بات بعید از امکان نہیں کہ پاکستان اس جدید ترین ساز وسامان کو بھارت کے خلاف استعمال کرے۔
قبل ازیں بھارت نے امریکہ کی طرف سے پاکستان کو عرف عام میں ڈرون کہلانے والے وہ جاسوس طیارے مہیا کرنے کے فیصلے پر بھی پر زور احتجاج کیا تھا، جو بغیر پائلٹ کے پرواز کرتے ہیں۔
امریکہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے یہ ساز و سامان اس لئے مہیا کر رہا ہے کہ وہ اس جنگ میں کامیابی کے لئے اسلام آباد کو اپنا ناگزیر اتحادی تصور کرتا ہے، اور وہ بھی اس لئے واشنگٹن کی رائے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی قبائلی علاقے القاعدہ اور طالبان کی وجہ سے دنیا کے انتہائی خطرناک علاقے بن چکے ہیں۔
رپورٹ: عصمت جبیں
ادارت :مقبول ملک