پاکستانی صدر کی جرمن چانسلر سے ملاقات
19 جون 2009بلجیئم کے دارالحکومت میں جاری یورپی یونین کی سربراہی کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز جرمن چانسلر کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کو پاکستانی وفد کے ارکان نے مثبت اور اطمینان بخش قرار دیا۔ برسلز میں موجود ڈوئچے ویلے کے نمائندے خالد حمید فاروقی کے مطابق اس ملاقات میں جن اہم معاملات پر گفتگو ہوئی ان میں پاکستان کی جانب سے یورپی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ اگریمنٹ کا مطالبہ، سوات آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد یعنی آئی ڈی پیز کی دوبارہ آبادکاری کے لئے تعاون اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کا معاملہ شامل ہیں۔
جرمن چانسلر اینگلا میرکل نے اس موقع پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری کو یقین دہائی کروائی کہ استمبول میں ہونے والی فرینڈز آف پاکستان کی آئندہ میٹنگ میں جرمنی فری ٹریڈ اگریمنٹ کے معاملے پر پاکستان کی مدد کرے گا۔ اینگلا میرکل نے یورپی یونین کی جانب سے آئی ڈی پیز کے مسئلے کے حل میں بھرپور تعاون کی یقین دہائی بھی کروائی۔
ڈوئچے ویلے کے نمائندے کے مطابق پاکستانی صدر اور جرمن چانسلر کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تناؤ کو حل کرنے کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا مسئلہ بھی زیر بحث آیا۔ اینگلا میرکل نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی بحالی کے لئے پیش رفت کریں۔ جرمن چانسلر نے اس موقع پر طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستانی حکومت اور فوج کے کردار کو سراہا۔
اس ملاقات میں پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ رحمان ملک اور کامرس اینڈ انڈسٹری کے وزیر بھی شامل تھے۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : عاطف توقیر