پاکستانی صوبہ بلوچستان میں گیس پائپ لائن تباہ
8 فروری 2011سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان عنایت اللہ اسماعیل کا کہنا ہے کہ دونوں پائپ لائنوں کو منگل کی صبح تباہ کر دیا گیا جس کے باعث شکارپور سے کوئٹہ اور صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ان لائنوں کی مرمت میں تین دن لگ سکتے ہیں، جبکہ پورے صوبے کو آج رات تک گیس کی سپلائی معطل رہ سکتی ہے۔ دھماکے کے باعث صوبے کے صعنتی علاقوں اور سی این جی اسٹیشنوں کو دی جانے والی گیس کی ترسیل بھی روک دی گئی ہے۔
پاکستان پہلے ہی قدرتی گیس کی کمی کے مسئلے کا سامنا کر رہا ہے جس کے باعث عوام سردی کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور اپنے گھروں کو گرم رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
ادھر اس واقعے کی ذمہ داری کا شبہ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی پر ظاہر کیا جا رہا ہے جو ماضی میں بھی گیس پائپ لائنوں، ریلوے ٹریکس اور بجلی کے کھمبوں کو تباہ کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اقرار کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان نہ صرف پورے ملک کو گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے بلکہ دنیا کے سب سے بڑے تانبے کے ذخائر بھی اسی صوبے میں پائے جاتے ہیں تاہم ملک کا یہ صوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت سے اندرونی یورش کا شکار ہے۔
رپورٹ: عنبرین فاطمہ
ادارت: افسر اعوان