پاکستانی میزائل حتف آٹھ کا کامیاب تجربہ
29 اپریل 2011پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق حتف سیریز کے ’رعد‘ نامی اس کروز میزائل کی رینج 350 کلومیٹر سے زائد ہے اور یہ بالکل درست نشانے کو ہدف بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان کے مطابق یہ میزائل مکمل طور پر پاکستانی سائنسدانوں کی کاوش ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل فضا سے فائر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس سے زمین اور سمندر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی پاکستانی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ کروز ٹیکنالوجی دنیا کے چند ہی ملکوں کے پاس ہے۔ بیان کے مطابق یہ میزائل کم بلندی پر زمین کی سطح کے ساتھ ساتھ پرواز کرتا ہے اور راڈار کی نظروں میں نہیں آتا۔
رعد آٹھ کے کامیاب تجربے پر پاکستانی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملکی سائنسدانوں اور انجینئروں کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملک بھارت کی طرف سے وقتاﹰ فوقتاﹰ مختلف میزائلوں کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ ایٹمی صلاحیت کے حامل یہ دونوں ممالک 1947ء میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: کشور مصفطفٰی