پاکستانی ننھے کرکٹر دنیا بھر میں مشہور
30 مارچ 2018پاکستان کے صوبے بلوچستان کے کھلاڑی علی میکال خان کی حیرت انگیز لیگ بریک بولنگ کی وجہ سے وہ اب ’شین وارن جونئیر‘ کہلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کا ایک اور چھ سالہ لڑکا جو تیز بولنگ کراتا ہے ، اسے ’لٹل وسیم اکرم‘ کہا جا رہا ہے۔ وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر حسن اختر کی ویڈیو دیکھنے کے بعد اس کو ڈھونڈ نکالا اور اس سے ملاقات بھی کی۔
ان دونوں بچوں کو پاکستان کے میڈیا نے بھی بہت سراہا ہے۔ کرکٹ سے محبت کرنے والی پاکستانی قوم نے حال ہی میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کو کراچی میں دیکھا ہے۔ یہ ایک اپم پیش رفت ہے جس کے ذریعے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل سکتے ہیں۔
علی میکال خان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’میرا خواب پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنا ہے، مجھے کرکٹ سے محبت ہے۔ میں ایک زبردست لیگ بریک بولر بننا چاہتا ہوں۔‘‘ علی بہت خوش ہے کہ اسے شین وارن جیسے کھلاڑی نے سراہا ہے۔اس ہفتے شین وارن نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا،’’ بہت ہی شاندار، میں حیران ہوں کہ آپ کے ہاتھ سے کس طرح بال کرائی جاتی ہے اور وہ بھی صرف چھ سال کی عمر میں۔ بہت خوب، بس ایک چھوٹا سا مشورہ اپنا بازو تھوڑا زیادہ اونچا کر کے بولنگ کرو۔‘‘ علی کے والد اور اس کے کوچ عبداللہ خان اس بچے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ چلاتے ہیں۔ انہوں نے شین وارن کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ شین وارن کے دیے ہوئے مشورے پر عمل کریں گے۔
دوسری جانب حسن کے والد، محمدکا کہنا ہے کہ جب تک انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ کہ ان کا بیٹا اتنی اچھی بولنگ کرتا ہے تب تک وہ اپبے بیٹے کے اس کھیل سے تنگ پڑتے تھے۔ لاہور سے دو سو کلو میٹر مسافت پر واقع چیچہ وطنی کے ایک گاؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے حسن اختر کے والد نے اے ایف پی کوبتایا، ’’ہمارا گھر کا فرش مٹی کا بنا ہوا ہے، اور حسن کی بولنگ سے فرش خراب ہو جاتا تھا۔‘‘ محمد کا کہنا ہے کہ ان کے ایک بیٹے نے حسن کی ویڈیو ٹوئٹر پر ڈال دی۔ کچھ دن بعد ان کے رشتہ دار کا فون آیا کہ آپ کے بیٹے کی ویڈیو ٹی وی پر دکھائی جا رہی ہے اور یہ کہ ٹی وی کے رپورٹرز اس لڑکے کو ڈھونڈ رہے ہیں۔
حسن کے والد نے بتایا کہ پاکستانی نیوز چینل جیو نے حسن اور کرکٹر وسیم اکرم کی ملاقات کراچی میں کرائی تھی جس کے بارے میں انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ حسن کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم، محمد عامر اور میچل سٹارک نے میری بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔ حسن کے والد کا کہنا ہے،’’ہمیں بہت محبت ملی ہے، وسیم اکرم نے حسن کو بولنگ مزید بہتر کرنے میں مدد کی ہے اور کہا کہ حسن اپنی تعلیم مکمل کرے۔‘‘
ب ج/ع ت، اے ایف پی