1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امارات کرکٹ بورڈ نے عثمان خان پرپانچ سال کی پابندی لگا دی

6 اپریل 2024

پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خان نے حالیہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز نامی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ وہ پی سی بی کی طرف سے کاکول میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں بھی شریک ہوئے تھے۔

https://p.dw.com/p/4eUvM
عثمان خان ، پی ایس ایل فائنل میں ملتان سلطان کی جانب سے پچاس رنز بناتے ہوئے خوشی کا اظہار
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے عثمان خان کا نام پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان میں شامل کیے جانے کا امکان بھی ہےتصویر: Fareed Khan/AP/picture alliance

متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے نگران ادارے امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستانی نژاد بلے باز عثمان خان کے اس خلیجی ریاست میں کرکٹ کھیلنے پر پانچ سال کی پابندی لگا دی ہے۔ اس بورڈ نے جمعہ پانچ اپریل کے روز بتایا کہ عثمان خان نے پاکستان کی قومی ٹیم کی طرف سے کرکٹ کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

عثمان خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کاکول کی فوجی اکیڈمی میں لگائے گئے قومی تربیتی کیمپ میں بھی شرکت کی اور یوں انہوں نے امارات کرکٹ بورڈ کے حوالے سے ''خود پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں‘‘ کی خلاف ورزی کی۔

آرمی ٹریننگ کیمپ میں 29 پاکستانی کرکٹر حصہ لیں گے

اس وقت 28 سالہ عثمان خان نے حال ہی میں ایک غیر ملکی کھلاڑی کے طور پر پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ ملتان سلطانز کی ٹیم کے ایک رکن کے طور پر کھیلا تھا۔ پی ایس ایل میں ان کی بہت اچھی کارکردگی کے بعد پاکستانی سلیکٹرز کی نظریں ان پر ہیں اور اسی پس منظر میں ان پر یہ الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ای سی بی کے ایک بیان میں کہا گیا، ''مکمل تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ عثمان خان نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لیے کھیلنے کے اپنے فیصلے کے بارے میں ای سی بی کے سامنے غلط بیانی کی۔ انہوں نے ای سی بی کی طرف سے ان کو فراہم کردہ مواقع اور ترقی کا استعمال دوسرے امکانات تلاش کرنے کے لیے کیا۔‘‘

امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق، ''عثمان خان نے اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس وجہ سے ان کی اس بورڈ سے منظور شدہ کرکٹ کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں کونسلوں اور اکیڈمیوں کے زیراہتمام مقامی مقابلوں میں شرکت پر بھی پانچ سال کی پابندی ہو گی۔‘‘

عثمان خان کی پی ایس ایل فائنل کےدوران لی گئی ایک تصویر
پاکستانی نژاد کرکٹر عثمان خان نے حالیہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز نامی ٹیم کی نمائندگی کی تھیتصویر: Fareed Khan/AP/picture alliance

پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا

اس پانچ سالہ پابندی کا مطلب یہ ہے کہ عثمان خان دو ہزار انتیس تک متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے دو بڑے مقابلوں ٹی ٹوئنٹی لیگزاور ابوظہبی میں ٹی ٹین لیگ میں شامل نہیں ہو سکین گے۔

ای سی بی نے مزید کہا کہ عثمان خان نے اس سال ILT20 میں یو اے ای کے ایک مقامی کھلاڑی کے طور پر حصہ لیا اور انہوں نے ای سی بی کے ساتھ ایک سالہ معاہدہ بھی کر رکھا تھا۔

امارات کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق، ''یہ معاہدہ انہیں تحفظ فراہم کرنے اوران کی اہلیت کا معیار پورا کرنے کے لیے کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں عالمی کرکٹ میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کرنے کی اجازت ملی تھی۔‘‘

بھارت نے پاکستانی نژاد انگلش کرکٹر شعیب بشیر کا ویزا جاری کردیا

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو اس سال جون میں کریبیین کے خطے اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مقابلوں سے قبل گیارہ ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلنا ہیں۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے آخر سے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے عثمان خان کا نام پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ارکان میں شامل کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

ف ن/م م (اے پی)