پریانکا چوپڑا کا پہلا میوزیکل البم
5 اگست 2011معروف بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں اپنے پہلے میوزک البم کو ریکارڈ کروانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور اسکو منظم کرنے کی ذمہ داری اسی شخص کو سونپی گئی ہے جو مشہور امریکی پوپ اسٹار لیڈی گاگا کے میوزک کی ترتیب و ہپیشکش میں اہم خیال کیا جاتا ہے۔ یونیورسل میوزک گروپ اور دیسی ہٹس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے 29 سالہ بھارتی اداکارہ کے ساتھ پوری دنیا میں ریکاڈنگ کرانے کا معاہدہ کیا ہے۔ اس البم کے حوالے سے پریانکا نے ریکارڈنگ اور گیت نگاری کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔
اداکاری اور ماڈلنگ کے بعدعالمی میوزک منظر پر دھاوہ بولنے کے لیے تیار پریانکا چوپڑا کے پہلے البم کی ریکارڈنگ کی نگرانی امریکی شہر لاس اینجلس میں قائم ایٹم فیکٹری کے چیف ایگزیکٹو ٹرائے کارٹر کریں گے۔ کارٹر نے مشہور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے گیتوں کی ریکارڈنگ میں بھی شامل رہ چکے ہیں۔ لیڈی گاگا کو میوزک کلچر میں اب ایک آئیکون کا درجہ حاصل ہے۔ کارٹر اور لیڈی گاگا کے تعاون سے کئی مشہور گیت سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں ٹیلیفون، پوکر فیس،بورن دس وے خاصے نمایاں ہیں۔
اپنے البم کے حوالے سے پریانکا کا کہنا ہے کہ یہ ان کا بہت پرانا خواب تھا جو آخرکار پورا ہونے جا رہا ہے۔ چوپڑا کے مطابق وہ فلموں میں کامیابی کے بعد اب میوزک ورلڈ میں بھی کامیابی کی خواہش رکھتی ہیں۔
پریانکا چوپڑا سابقہ مس ورلڈ رہ چکی ہیں۔ انہوں نے سن 2002 میں مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ماڈلنگ کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی انہوں نے کامیابی حاصل کی۔ ان کے کریڈٹ پر کئی مشہور فلمیں ہیں۔ وہ بھارت میں کئی مصنوعات کی برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ سن 2010 میں اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی خیر سگالی کی سفیر بھی منتخب کی گئی تھیں۔
رپورٹ: سائرہ ذوالفقار
ادارت: عابد حسین